افغانستان کے صدر حامد کرزئی کے دو روزہ دورہٴ دہلی کے موقعے پر منگل کے روز بھارت اور افغانستان کے مابین تین معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدے اسٹریٹجک اشتراک، تیل اور گیس کی تلاش اور کان کُنی کے شعبوں میں تعاون کوتیز کرنے سے متعلق ہیں۔
اِس موقعے پر افغان صدر اور بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کے مابین وفود کی سطح پر تبادلہٴ خیال ہوا۔
مذاکرات کے بعد دونوں راہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جِس میں باہمی اشتراک کو تیز کرنے اور افغانستان میں قیامِ امن کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دونوں راہنماؤں نے بھارت اور افغانستان کے مابین تاریخی رشتوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک ایک دوسرے کے گہرے دوست ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نے افغانستان کی تعمیرِ نو میں بھارت کی مد د کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت افغانستان کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا اور اُس کی مدد جاری رکھے گا۔
اُنھوں نے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے سابق افغان صدر برہان الدین ربانی کے قتل پر اظہارِ افسوس کیا اور افغان عوام سے تعزیت کی۔اُنھوں نے کہا کہ افغان عوام کو پُرامن زندگی گزارنے کا پورا حق ہے۔
من موہن سنگھ نے کہا کہ بھارت افغانستان کے امن کے سفر میں اُن کے ساتھ ہے ۔ افغان عوام دہشت گردی کے بہت زیادہ شکار ہیں اور اُنھیں بیرونی مداخلت کے بغیر پُر امن انداز میں جینے اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے۔اُنھوں نے زور دے کر کہا کہ خطے کے ممالک کو بدامنی دور کرنے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔
افغان صدر حامد کرزئی نے اپنے ملک کی تعمیر ِ نو میں بھارت کی مدد پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔ اُنھوں نے بھارت میں افغان طلبا کو وظیفےدیے جانے پر بھی بھارت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بھارت نےافغان نوجوانوں کےلیے 2000اسکالرشپز کی پیش کش کی ہے۔ اِس امید کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ بھارت افغانستان کی تعمیرِ نو میں برابر حصہ لیتا رہے گا، اُنھوں نے دہشت گردی کی مذمت کی۔
حامد کرزئی نے من موہن سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں افغانستان کے مسائل اور مشکلات کو سمجھنے پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ افغانستان میں دہشت گردی، تشدد اور تخریب کاری کا خاتمہ ہوگا۔
اِس سے قبل، اُنھوں نے وزیر ِخارجہ ایس ایم کرشنا سے تبادلہٴ خیال کیا۔ بات چیت کے بعد، مسٹر کرشنا نے کہا کہ اُنھوں نے تمام باہمی اور علاقائی امور پر تفصیل کے ساتھ بات چیت کی ہے۔
افغان صدر کا امسال یہ دوسرا دورہٴ بھارت ہے، جب کہ من موہن سنگھ نے مئی میں افغانستان کا دورہ کیا تھا۔