پاکستان کے زیر انتظام کشمیرکے وزیراعظم فاروق حید ر خان اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں ۔ پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں فاروق حیدر نے کہا کہ اُنھوں نے یہ فیصلہ اپنے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد دیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اپنا استعفیٰ صدر راجہ ذوالقرنین کو بھیج چکے ہیں۔
گذشتہ ہفتے فاروق حید ر کے خلاف پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی۔
فاروق حیدر نے اپنی جماعت مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق پر الزام عائد کیا کہ اُنھیں وزیراعظم بدلنا تھا تو اس معاملے کو جماعت کی پارلیمانی کمیٹی میں اُٹھایاجانا چاہئیے تھا ۔
کشمیری وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے والے دواراکین قانون ساز اسمبلی نے قائدایوان کے لیے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان کو نامزد کیا تھا۔
سردار عتیق مسلم کانفرنس کے صدر ہیں اور اُنھیں قائد ایوان منتخب ہونے کے لیے 49 اراکین پر مشتمل اسمبلی میں سے 25 اراکین کی حمایت درکار ہو گی۔