اسد حقِ حکمرانی کھو چکے ہیں: کیری

جان کیری نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ جنیوا معاہدے کے اصولوں کی بنیاد پر تمام سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے، ایک عبوری دور کی جانب آگے بڑھنے کی کوشش کی جائے گی؛ جس سے تمام لوگوں کی نمائندگی پر مبنی حکومت تشکیل پائے، جو شام کے عوام کی آزادی، حرمت اور سلامتی کی غماز ہو

امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور مشرق قریب امور سے متعلق معاون وزیر خارجہ، اینی پیٹرسن نے بدھ کے روز شام کے حزب مخالف محاذ کے سابق سربراہ، معاذ الخطیب سے ملاقات کی۔

محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان، جین ساکی نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ ملاقات کے دوران، مسٹر خطیب نے شام کے بحران کے سیاسی حل کے سلسلے میں طریقہٴ کار سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

امریکی وزیر خارجہ نے اِس بات کی نشاندہی کی کہ بشار الاسد ایک ظالم مطلق العنان ہیں، جو، بقول اُن کے، ’شام کی سربراہی کا حق کھو چکے ہیں‘۔

جان کیری نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ جنیوا معاہدے کے اصولوں کی بنیاد پر تمام سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے، ایک عبوری دور کی جانب آگے بڑھنے کی کوشش کی جائے گی؛ جس سے تمام لوگوں کی نمائندگی پر مبنی حکومت تشکیل پائے، جو شام کے عوام کی آزادی، حرمت اور سلامتی کی غماز ہو۔

امریکی وزیر خارجہ اور معاون وزیر پیٹرسن نے شام میں انسانی ہمدردی سے متعلق صورت حال پر امریکہ کی جانب سےشدید تشویش کا اظہار کیا، جس میں جاری تنازعے کے نتیجے میں پیش آنے والی شام سے نقل مکانی اور زبردستی بے دخلی کے معاملات شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی اہل کاروں نے شامی عوام کے مصائب میں کمی لانے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔