صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق اٹارنی جنرل سردار لطیف کھوسہ کو صوبہ پنجاب کا نیا گورنر مقرر کردیا ہے۔
منگل کے روز ایوانِ صدر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر زرداری نے وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے سردار لطیف کھوسہ کے بطورِ گورنر پنجاب تقرر کی بھجوائی گئی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی اپنے سیکیورٹی گارڈ کے ہاتھوں قتل ہونے کے بعد یہ عہدہ خالی ہوا تھا۔
سردار لطیف کھوسہ کی حلف برادری کی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ وہ کل کسی وقت اپنے عہدے کا حلف اٹھالیں گے۔