اس ہفتے واشنگٹن کی تلخ اور بٹی ہوئی سیاست کو ایک خوبصورت لمحے میں ایک شریراور بےچین 6 سال کے بچے کی مزاح کی غیر ارادی طاقت نے مسکراہٹ میں بدل دیا۔
جس وقت ریپبلکن رکن کانگرس جان روز،سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پرجوش دفاع کر رہے تھے، ان کے ننھے بیٹے گائے نے کیمرہ کی توجہ چھین لی ۔ وہ کھسکتا کھسکتا بالکل والد کے پیچھے آگیا اس نے اپنی زبان باہرنکالی، آنکھیں گھمائیں، مونہہ چڑایا اور ایسا لگتا تھا جیسےاس کے اندر کچھ مچل رہا ہو۔
پھر ایوان میں وہ ہو اجو شاذو نادر ہی ہوتا ہے، یعنی دونوں پارٹیوں کی جانب سے ہنسی اور مسکراہٹیں۔ اظہار یہاں تک کہ سینیٹر مچ میککونل کے پریس سیکرٹری بھی اس تفریح میں شامل ہوگئے۔
اسپاٹ لائٹ میں گائے کا یہ لمحہ سیاست دانوں کے بچوں کا اپنے والدین پر توجہ مرکوز کروانے اور کار سرکار میں نرمی کا ایک لمحہ لانے کی تازہ ترین مثال ہے۔ یہ مزاح کی لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے والی طاقت پر ایک ٹھوس کیس اسٹڈی بھی ہے۔
بچے دل کے سچے
"یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم سب انسان ہیں، ہم بچوں کے والدین ہیں۔ اور شاید یہ چیزیں جن کے بارے میں ہم لڑ رہے ہیں وہ سب اتنی اہم نہیں ہیں،" یونیورسٹی آف کولوراڈو کی ہیومر ریسرچ لیب کے شریک ڈائریکٹر اور ایریزونا یونیورسٹی میں مارکیٹنگ کے پروفیسر کالیب وارن نے کہا۔
اور اس بچے کا ان "ہائپر پولیٹیکل" تقریروں میں سے ایک کے دوران ایسا کرنا، یہی چیز اسے خاص بناتی ہے... اگر وہ صرف کلاس روم میں شکلیں بنا رہا ہوتا، تو ایسانہ ہوتا۔"
گائے روز کی کہانی ابھی ختم نہیں ہوئی دوست!
ایوان میں ان اداؤں کے ایک دن بعد ، گائے ایک بار پھر کانگریس کی سالانہ پکنک کے دوران وائٹ ہاؤس کے لان میں لوٹ رہا تھا۔
سیاسی تقریبوں کے دوران دلوں کو لبھانے والے بچے اور بھی ہیں
جہاں تک بچوں کے ایلیٹ کلب کے نئے ممبر کا تعلق ہے تو گائے روز نے ایک قابل ذکر توجہ حاصل کر لی ہے۔ بعد میں باپ اور بیٹا CNN اور Fox News پر ایک ساتھ نظر آئے، اورچھوٹے سےنوجوان کا مزاح اور اعتماد بھی زور پکڑتا دکھائی دیا۔
جب اپنے والد کی ملازمت کی وضاحت کرنے کو کہا گیا تو گائے نے فاکس نیوز کو بتایا کہ اس کے والد "بورنگ کام کرتے ہیں۔"
اور جب کانگریس مین روز نے اس بارے میں ایک بہت ہی سیاسی جواب دینا شروع کیا کہ اپنے حلقے میں لوگوں سے ملنا اور سیکھنا کتنا دلچسپ ہے، گائے نے اسٹیج پر کی جانے والی سرگوشی میں مزاحیہ انداز کے ساتھ کہا، "وہ سچ نہیں کہہ رہےہیں!"
"He is my Guy"
اب گائےسیاسی بچوں کی ایک لمبی اور قابل فخر لائن میں شامل ہو گیا ہے جو عوامی طور پر بچوں کی طرح کام کرنے پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔ شاید اس کا خالص ترین روحانی پیشرو نوجوان اینڈریو جیولیانی ہے جن کی اپنے والد روڈی جولیانی کے 1994 کے میئر کا حلف اٹھانے کے موقع پر کارکردگی اتنی مشہور ہے کہ اس نے "سیٹر ڈے نائٹ لائیو: میں پیروڈی کا مستحق بنایا۔
"He is my Guy،" اینڈریو جیولیانی نے منگل کو C-Span کے ویڈیو کلپ کو منسلک کرتے ہوئے ٹویٹ کیا۔
اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس کے بیٹے جیک نے، جو اس وقت 4 سال کے تھے، 2005 کی تقریب کے دوران اپنے پرجوش رقص کی وجہ سے توجہ حاصل کی جب سابق صدربش رابرٹس کو سپریم کورٹ کے نامزد امیدوار کے طور پر متعارف کروا رہے تھے۔ البتہ ان کی بہن وقار کے ساتھ ماں کا ہاتھ پکڑے کھڑی رہیں۔
بعض اوقات بچوں کا یہ پیارا پن اور چالاکی قدرے تیار شدہ ہوتی ہے — جیسا کہ جب وائٹ ہاؤس نے اس دن کے موقع پر جب امریکہ میں والدین بچوں کو کام پر لے کر جاتے ہیں، بچوں کے ساتھ سیکرٹ سروس ایجنٹس اور رپورٹرز کے طور پر کام کیا تھا۔
اور بعض اوقات جب بچے ننھے منے نہ ہوں بلکہ ٹین ایجر ہوں تو توجہ کبھی کبھار مثبت نہیں ہوتی۔ 2014 میں، ساشا اور مالیہ اوبامہ اس وقت کافی بور نظر آئیں جب ان کے والد تھینکس گیونگ ٹرکی کو معاف کرنے والی پریس کانفرنس کے دوران بات کر رہے تھے۔ ایک ریپبلکن رکن کانگریس کے عملے کی رکن نے عوامی طور پر ان پر تنقید کی اور انہیں استعفیٰ دیناپڑا۔
لیکن وہ سب جنہوں نے اپنے بچوں کی ٹین ایج دیکھی ہے، اس سے ریلیٹ کر سکتے ہیں۔ اس عمر میں بچوں کو یہ سب چیزیں نہیں بھاتیں، وہ دنیا کو اپنے طریقے سے دیکھنا اور جاننا چاہتے ہیں، اور یہی چیز انہیں دلکش بناتی ہے۔
رکن کانگریس روز نے اسے اچھی اسپرٹ میں لیا ہے، انہوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا" "مجھے اندازہ نہیں تھا کہ جب میں ریمارکس دے رہا تھا تو وہ میرے پیچھے شکلیں بنا رہا تھا۔ لیکن مجھے خوشی ہے کہ اس نے ایسا کیا۔ میرے خیال میں ہم سب کو اس ہنسی کی ضرورت تھی۔"
سان ڈیاگو میں ایک طبی سماجی کارکن تمارا شریفوف نے جو تھراپی سیشنز، اور ثالثی اور تنازعات کے حل میں مزاح کا استعمال کرتی ہیں، حال ہی میں واشنگٹن کے ایک پینل میں مزاح کی شفا بخش طاقت کے بارے میں بات کی۔
"مزاح نقطہ نظر میں تبدیلی اور نرمی لاتا ہے۔ اس سے ہمدردی بڑھتی ہے اور ایک پرسکون ماحول پیدا ہوتا ہے۔" انہوں نے کہا۔ "مزاح تنگ نظری کو ختم کرتا ہے۔"
اس رپورٹ کو مواد اے پی سے لیا گیاہے۔