کسی کا بھائی کسی کی جان؛ سلمان خان عیدالفطر پر سنیما گھروں کی رونق بڑھانے کو تیار

بالی وڈ کے سلطان سلمان خان عید کے موقع پر ایک بار پھر سنیما گھروں کی رونق بڑھانے کو تیار ہیں۔ ان کے مداحوں کی جانب سے فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان' کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔

سلمان خان گزشتہ کئی برسوں سے عید کے موقع پر اپنے مداحوں کو ایک نئی فلم کا تحفہ دیتے ہیں لیکن سن 2021 میں 'رادھے' کی ڈیجیٹل اور چند ہی سنیما گھروں میں ریلیز کے بعد اب وہ عید الفطر پر اپنی فلم سنیما گھروں میں ریلیز کر رہے ہیں۔

اکیس اپریل کو ان کی فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان' سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ البتہ فلم کا آفیشل ٹریلر پیر کی شام چھ بجے ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کی ہدایات فرحاد سمجی نے دی ہیں جب کہ اس میں سلمان خان کے ساتھ پوجا ہیگدے، بھومیکا چاؤلہ، وجیندر سنگھ، شہناز گل، جیسی گل اور دیگر اداکار ایکشن میں نظر آئیں گے۔

'کسی کا بھائی کسی کی جان' میں سلمان خان نے ایک ایسے شخص کا کردار ادا کیا ہے جس کا مقصد معاشرے کو جرائم سے پاک کرنا ہے۔ جب کہ ان کے چھوٹے بھائی اپنے بڑے بھائی کے لیے جیون ساتھی کی تلاش کرتے ہیں۔

سن 2019 میں آخری مرتبہ عید کے موقع پر سلمان خان کی فلم 'بھارت' سنیما گھروں میں ریلیز کی گئی تھی جس نے تقریباً 42.30 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔

گزشتہ 13 برسوں کے دوران سلمان خان کی عید پر ریلیز کی جانے والی فلموں میں دبنگ، باڈی گارڈ، ایک تھا ٹائیگر، کک، بجرنگی بھائی جان، سلطان، ٹیوب لائٹ، ریس تھری اور بھارت شامل ہیں۔

یاد رہے سال 2021 میں کرونا کی وجہ سے سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم 'رادھے' ڈیجیٹل اور چند ہی سنیما گھروں میں پیش کی جا سکی تھی۔ اس کے علاوہ سال 2021 اور 2019 میں بھی ان کی فلم 'انتم' اور 'دبنگ تھری' ریلیز ہوئی تھی لیکن یہ دونوں عید پر ریلیز نہیں کی گئیں تھیں۔