کلکتہ میں حکام نے بتایا ہے کہ بالی وڈ کے مقبول سنگر کرشنا کمار کناتھ جنہیں ’K K‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے، ان کی شہر میں ایک شو میں پرفارمنس دینے کے بعد موت واقع ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 53 برس کے ’k k‘ جب کلکتہ میں نذر المنچ میں منعقد ہونے والے اپنے کانسرٹ میں پرفارمنس دینے کے بعد شہر کے علاقے اسپلانڈے میں واقع اپنے ہوٹل پہنچے تو انہوں نے بے چینی محسوس ہونے کی شکایت کی تھی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق انہیں جب رات کے ساڑھے دس بجے کے قریب کلکتہ میڈیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ لے جایا گیا تو ڈاکٹروں کے مطابق ان کی موت واقع ہوچکی تھی۔
بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرشنا کمار کناتھ کے گانے گہرے جذبات کا اظہار تھے جنہیں ہر عمر کے افراد شوق سے سنتے تھے۔ مودی نے ان کے عزیزوں اور مداحوں سے تعزیت کرتےہوئے لکھا کہ ہم کرشنا کمار کناتھ کو ان کے گانوں کے ذریعے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
سوشل میڈیا پر بالی وڈ سے تعلق رکھنے والے فنکار اور صارفین KK کی موت پر دکھ کے اظہار کے ساتھ ساتھ ان کے فن کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔
SEE ALSO: دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہارنے والے پاکستانی فن کار اور کھلاڑیسٹینڈ اپ کامیٖڈین ورون گروور نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’K K‘ کے فن سے آپ تنہائی میں محظوظ ہو سکتے ہیں۔ ان کا بہترین کام محرومی اور اضطراب کے اظہار میں ہے۔ سچ کہہ رہا ہے دیوانہ، تڑپ تڑپ کے اس دل میں، یاروں، آوارہ پن اور میں نے دل سے کہا میں ان کی آواز تاریک کمرے میں چراغ کی سی کیفیت پیدا کرتی ہے۔
بالی وڈ اداکار اجے دیوگن نے لائیو پرفارمنس کے بعد ان کی موت کو المناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اجے دیوگن کی فلموں کے لیے کئی گانے گائے، اس لیے بھی ان کی موت پر اجے کو بہت دکھ ہے۔
KK نے کئی زبانوں کی فلموں میں گانے گائے جن میں ہندی، تامل، تیلگو، کانڑا، مالیالم، مراٹھی، بنگالی اور دیگر زبانیں شامل ہیں۔