بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ اور دہائیوں تک لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والی گلوکارہ لتا منگیشکر 92 برس کی عمر میں اتوار کو وفات پا گئیں ہیں۔وہ کچھ عرصے سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِعلاج تھیں۔
ان کی وفات پر بھارت سمیت دنیا بھر میں ان کے چاہنے والے افسردہ ہیں۔
لتا منگیشکر کی وفات کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ان کے نام کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ پر ہے اور لوگ اُن کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
بھارت کے وزیرِاعظم نریندر مودی نے لتا منگیشکر کی وفات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ''میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، انتہائی نرم اور خیال رکھنے والی لتا دیدی ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں۔ ان کا خلا کبھی پُر نہیں ہوسکتا۔ آنے والی نسلیں انہیں بھارت کی ثقافت کی ایک باوقار شخصیت کے طور پر یاد رکھیں گی۔''
پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ لتا منگیشکر کی موت سے برصغیر دنیا بھر میں مانی جانے والی ایک بہترین گلوکارہ سے محروم ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ لتا منگیشکر کے گانے سن کر دنیا بھر میں بہت سے لوگوں کو خوشی ملتی ہے۔
موسیقار اے آر رحمٰن نے بھی لتا منگیشکر کے انتقال پر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فلم پرڈیوسر بونی کپور نے لتا منگیشکر کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ لتا منگیشکر کی موت کی خبر سن کر افسوس ہوا۔ وہ گانوں کا ایک بہت بڑا ورثہ چھوڑ کر گئی ہیں۔
پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ لتا منگیشکر کا انتقال موسیقی کے ایک عہد کا خاتمہ ہے۔ لتا جی نے عشروں تک سُر کی دنیا پر حکومت کی اور ان کی آواز کا جادو رہتی دنیا تک رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے وہاں لتا منگیشکر کو الوداع کہنے والوں کا ہجوم ہے۔
پاکستان کی لیجنڈ اداکارہ بشریٰ انصاری نے لتا منگیشکر کی وفات پر لکھا کہ '' یہ دل تم بن کہیں لگتا نہیں، ہم کیا کریں گے۔'' آپ سے ملنے کی خواہش ہی رہ گئی لتا جی۔
پاکستان کے گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ "کوئی لتا جی جیسا نہیں ہو سکتا۔ ان کی وفات کا سن کر گہرا دکھ ہوا۔ ان کی آواز نے ہماری روحوں کو چھوا اور ان کی میراث، عاجزی اور سادگی آنے والی نسلوں کو متاثر کرے گی۔
بھارتی اداکار دھرمیندر نے لیجنڈ گلوکارہ کی وفات پر کہا کہ پوری دنیا افسردہ ہے، یقین نہیں آرہا کہ لتا جی ہمیں ہمیشہ کے لیے چھوڑ گئی ہیں۔ ہم آپ کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے پرندے، درخت اور ہوائیں سب خاموش ہو گئے ہیں۔ لتا جی کی مدھر آواز ہمیشہ گونجتی رہے گی۔
اداکار سنجے دت نے کہا کہ ہم نے لیجنڈ کھو دیا۔ لتا منگیشکر آپ کی موسیقی، شخصیت، عاجزی ہمیشہ ہماری نسلوں کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
لتا منگیشکر کی وفات پر اداکارہ کاجول نے کہا کہ اگر ہم ایک ایک کرکے لتا منگیشکر کے گانے سنیں تو ہم انہیں ایک مہینے تک سن سکتے ہیں اور کوئی گانے دوبارہ نہیں سننے کو ملے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارتی گلوکارہ کے انتقال پر کہا کہ ایک سنہرے دور کا اختتام، ان کی جادوئی آواز اور میراث دنیا بھر کے لاکھوں دلوں میں زندہ رہے گی۔
سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ لیجنڈ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، کوئی ان کے جیسا نہیں ہوگا۔