ویرات کوہلی اور راشد خان دنیا کے 'لیڈنگ کرکٹرز' قرار

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی ایک اور اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ وہ مسلسل تیسرے سال ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹ میں دنیا کے' لیڈنگ کرکٹر' قرار دے پائے ہیں۔

انہیں یہ اعزاز دنیا کے قدیم ترین کرکٹ میگزین 'وزڈن' نے دیا ہے۔ یہ میگزین سن 1889ء سے تاحال شائع ہورہا ہے۔

جریدے کے سرورق پر کسی کی تصویر شائع ہونا بھی ایک اعزاز سمجھا جاتا ہے اور سن 2017ء میں ویرات کوہلی کی تصویر میگزین کے سرورق پر شائع ہوچکی ہے۔

اسی کے ساتھ ساتھ کوہلی کو دنیا کے پانچ بہترین کرکٹرز کی فہرست میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

اس اعزاز کی وجہ ان کی گزشتہ سیزن کے دوران کھیلی گئی 37 اننگز ہیں جن میں انہوں نے ایک، دو نہیں بلکہ 11 سینچریز اسکور کی تھیں۔

کوہلی نے گیارہ میں سے سات سینچریز آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ جیسی بڑی اور مضبوط ٹیموں کے خلاف بنائیں۔

ویرات کوہلی کے بعد دنیا کے 'ٹاپ فائیو کرکٹرز' کے باقی چار کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے جوز بٹلر، سیم کرن، سرے کائونٹی کے کپتان روری برنز اور انگلش خاتون کرکٹر ٹیمی بیومائونٹ شامل ہیں۔

افغان کرکٹ اسٹار: راشد خان

ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹر کے بعد ٹی 20 کی کیٹیگری کے لیے جس کھلاڑی کا نام بطور لیڈنگ کرکٹر سامنے آیا ہے وہ ہیں افغانستان کے کرکٹ اسٹار، اسپنر راشد خان۔

راشد خان کو مسلسل دوسری بار یہ اعزاز ملا ہے۔

خاتون لیڈنگ کرکٹر: اسمرتی مندھانا

اسی کیٹیگری کے لیے خواتین لیڈنگ کرکٹر کے طور پر بھارتی کھلاڑی اسمرتی مندھانا کو چنا گیا ہے۔

وہ ون ڈے اور ٹی 20 کی کیٹیگریز کے لیے لیڈنگ کرکٹر قرار پائی ہیں۔

اسمرتی گزشتہ سیزن میں 13 نصف سینچریز بنانے میں کامیاب رہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 1291 رنز بنائے۔