پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 26ویں میچ میں فخر زمان کی شاندار بیٹنگ اور بولرز کی نپی تلی بولنگ کے باعث لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 17 رنز سے شکست دے دی۔
لاہور قلندرز نے جیت کے لئے 187رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 6 وکٹیں گنوا کر 169 رنز بنا سکی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔ لیکن، پہلے پلے آف کے پانچ اوورز تک اُنہیں کوئی کامیابی نہیں مل سکی اور لاہور قلندرز کے اوپنرز نے 43رنز کی شراکت قائم کر دی، چھٹے اوورز کی دوسری گیند پر راحت علی نے ڈیوسیچ کو 18رنز پر پویلین بھیج دیا۔
ابھی اسکور میں صرف 10 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ نئے آنے والے بیٹسمین آغا سلمان کو میر حمزہ نے پی ایس ایل میں اپنے پہلے ہی اوور میں صرف ایک رن پر کلین بولڈ کردیا۔ مک کولم صرف 5رنز بناسکے۔
دوسری جانب فخر زمان نے حریف بولرز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے اور برق رفتاری کے ساتھ صرف 50گیندوں پر 6چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے 94رنز بنائےجو پی ایس ایل تھری میں کسی بھی بیٹسمین کا سب سے زیادہ، جبکہ پی ایس کی تاریخ میں تیسرا بڑا انفرادی اسکور ہے۔ واضح رہے کہ 18رنز پر میر حمزہ نے فخر زمان کا کیچ ڈراپ کیا تھا۔
گلریز صدف اور سنیل نارائن نے بھی بھرپور اننگز کھیلی اور بالترتیب 42اور 20 کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں لاہور قلندرز کی ٹیم نے مقررہ بیس اوور ز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔
انور علی، راحت علی، میر حمزہ اور حسن خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نسبتاً مشکل ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کے اوپنرز شین واٹسن اور جیسن رائے نے 54رنز کا دھواں دار آغاز فراہم کیا۔ لیکن واٹسن کو 12رنز بناکر شاہین شاہ کلین بولڈ کر دیا۔ اسکور میں مزید کسی رن کا اضافہ کیے بغیر جیسن رائے 26گیندوں پر 3 چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنا کر سنیل نارائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پیٹرسن بھی 11 رنز پر سنیل نارائن کا شکار بنےتو رمیز راجہ کو یاسر شاہ نے 7رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔
رائلی روسو نے حریف بولرز کا جم کر مقابلہ کیا اور تیزی سے اسکور میں اضافہ کیا، کوئٹہ کی ساری امیدیں روسو سے وابستہ تھیں لیکن وہ 42رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے، اُن کی اننگز میں 5شاندارچھکے شامل تھے۔
روسو کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ پر لاہور قلندرز کی گرفت مضبوط ہوگئی۔ بولرز نے سرفراز اور محمد نواز کو کھل کر کھیلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ یوں کوئٹہ کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 169رنز بناسکی، سرفراز 28اور محمد نواز 19رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
سنیل نارائن اور یاسر شاہ نے دو، دو جبکہ مک کلینا گھن اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 12پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 10، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے 9،9 جبکہ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے6،6 پوائنٹس ہیں۔
ایونٹ میں جمعرات کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے اہم ترین میچ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان مقابلہ ہوگا، جبکہ دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔