رسائی کے لنکس

کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63 رنز سے ہرا دیا


وسیم صدیقی

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 22 ویں میچ میں پہلے بیٹسمینوں کی دھواں دار بیٹنگ اور پھر بولرز کی نپی تلی بولنگ کے باعث کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63 رنز سے باآسانی شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 189رنز کا ہدف دیا ، جس کے جواب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 125 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز نےٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی۔کراچی کی جانب سے سمنز اور ڈینلے نے اننگز کا آغاز کیا۔

پاور پلے میں ملتان کےبولرز نے اچھی بولنگ کی اور صرف 4رنز پر محمد عرفان نے سمنز کو پویلین کی راہ دکھا دی۔

سمنز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کے لئے آئے۔ ابتدا میں ڈینلے اور بابر اعظم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی لیکن پھر کھل کر شاٹس کھیلے اور ملتان کے کسی بھی بولر کو حاوی ہونے کا موقع نہیں دیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 118 رنز بنائے جو پی ایس ایل کے رواں سیزن میں کسی بھی وکٹ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔

ڈینلے صرف 55 گیندوں پر 78 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں دو چھکے اور دس چوکے شامل تھے۔

نئے آنے والے بیٹسمین انگرام نے بھی برق رفتار اننگز کھیلی اور بابر اعظم کے ساتھ 30 رنز کی دھواں دار شراکت داری قائم کی جس کے دوران صرف 15 گیندوں پر 30 رنز بنے۔بابر اعظم 39 گیندوں پر برق رفتار 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پی ایس ایل تھری میں یہ ان کی دوسری نصف سنچری ہے۔

انگرام 4 چھکوں کی مددسے صرف 8 گیندو ں پر 29 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے۔ یوں کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنالئے جو رواں سیزن میں اب تک کسی بھی ٹیم کا جبکہ پی ایس ایل کی تاریخ میں کراچی کنگز کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

ملتان سلطانز کی طرف سے ہارڈس وِلجوئن نے 2 اور محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز سنگاکارا اور احمد شہزاد نے 41 رنز کا تیز رفتار آغاز فراہم کیا لیکن سنگاکار 18 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین صہیب مقصود تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں عثمان خان شنواری کی گیند پربابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ 7 گیندوں پر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان عماد وسیم نے اپنے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر احمد شہزاد کو اسٹمپ کرادیا۔وہ 24 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ کائرون پولارڈ کو آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں کلین بولڈ کرکے ملتان سلطانز کی مشکلات مزید بڑھا دیں۔

19 سالہ سیف بدر نے شاہد آفریدی کے ایک اوور میں پہلے چوکا اور پھر چھکا لگایا لیکن آفریدی نے اُنہیں چوتھی گیند پر کلین بولڈ کرکے بدلہ لے لیا۔ سیف 11 گیندوں پر 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح 76 رنز پر ملتان سلطانز کی آدھی ٹیم ہوئی۔

آفریدی نے اپنے اگلے اوور میں کپتان شعیب ملک کو بھی کلین بولڈ کردیا، وہ صرف 6 رنز بناسکے۔عمران طاہر 2 اور جنید خان صرف ایک رن بنا سکے۔سہیل تنویر 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 19 اعشاریہ 4 اوورز میں 125 رنز بناسکی اور کراچی کنگز نے یہ میچ 63 رنز سے اپنے نام کر لیا۔

شاہد آفریدی نے 3، محمد عرفان نے 2 جبکہ عماد وسیم، محمد عامر اور عثمان خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پوائنٹس ٹیبل
پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے 9،9،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 8، پشاور زلمی کے 6 جبکہ لاہور قلندرز کے 2 پوائنٹس ہیں۔

XS
SM
MD
LG