ٹاپ آرڈر کی بری طرح ناکامی کے باعث لاہور قلندرز کی ٹیم پشاور زلمی سے17 رنز سے شکست کھا گئی، لاہور قلندرز کی پانچ وکٹیں صرف ایک رن پر گریں۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 16 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور جلد ہی اسے پہلا نقصان اٹھانا پڑا ۔تمیم اقبال صرف 5 رنز بناکر عامر یامین کا شکار ہو گئے۔
کامران اکمل اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 53 رنز کا اضافہ کیا، اس موقع پر حفیظ 18 گیندوں پر صرف 13 رنز بناکر کامران اکمل کا ساتھ چھوڑ گئے۔
کامران اکمل نےجارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی، مارلن سیموئلزکو 17 رنز پر سنیل نارائن نے کلین بولڈ کیا۔ اس کے بعد بوم بوم آفریدی میں اترے اور شکیب الحسن کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا، آفریدی تیزرفتاری سے رنز بنانے کی کوشش میں مشکل رن لیتے ہوئے آؤٹ ہوئے، وہ صرف 10 رنز ہی بناسکے۔
شکیب الحسن نے 30 رنز بنائے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے۔ کپتان ڈیرن سیمی نے 8 گیندوں پر ناقابل شکست 17 رنز بنائے، یوں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔
لاہور قلندر ز کی طرف سے یاسر شاہ نے دو جبکہ سہیل تنویر، عامر یامین اور سنیل نارائن نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے کیمرون ڈیلپورٹ اور کپتان مک کولم نے 38 رنز کا آغاز فراہم کیا، لیکن اگلی گیند کے بعد جو کچھ ہوا وہ لاہور قلندرز کیلئے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں تھا، ڈیلپورٹ 15 گیندوں پر 32 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر حسن علی کا شکار بنے، اس کے بعد وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ مجموعی اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے کے بعد 5 ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔
فخرزمان بغیر کھاتہ کھولے حفیظ کو وکٹ دے بیٹھے، مک کولم صرف 6 رنز بنا کر غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے۔ عمراکمل ایک اور ایلیٹ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اس طرح جہاں 38 رنز پر لاہور قلندرز کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں تھا 39 رنز پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ چھٹی وکٹ رضوان کی گری ، وہ صرف چار رنز اسکور کرسکے۔
سنیل نارائن اور عامر یامین نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 45 رنز بنا کر وکٹ گرنے کے سلسلے کو روکا، اس موقع پر سنیل نارائن 21 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔عامر یامین نے 25 کے ساتھ ٹیم کا اسکور 92 رنز تک پہنچادیا۔
سہیل تنویر اور یاسر شاہ نے ٹیم کو جتوانے کی بھرپور کوشش کی اور نویں وکٹ کی شراکت میں 53 رنز بنائے لیکن وہ بھی بے سود رہے۔ یاسر شاہ نے 22 رنز بنائے جبکہ سہیل تنویرنے ناقابل شکست 36رنز بنائے، اس طرح لاہور قلندرز کی مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بناسکی اور پشاور زلمی نے یہ میچ 17 رنز سے جیت لیا۔
پشاور زلمی کی طرف سے محمد حفیظ اور شکیب الحسن نے دو، دو جبکہ حسن علی، وہاب ریاض، شاہد آفریدی اور ڈیرن سیمی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کے شکیب الحسن کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی پشاور زلمی کے 7 پوائنٹس ہو گئے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 9، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 6،6 جبکہ کراچی کنگز کے 4 پوائنٹس ہیں۔