لبنان نے فوج کے لیےپیسے اکٹھا کرنا شروع کر دیے

لبنان نے ایک فنڈ قائم کیاہے جِس سے وہ اپنی فوج کو مسلح کرنے کے لیے رقوم اکٹھی کرے گا۔ اِس سے قبل امریکہ، لبنان کو فوجی امداد معطل کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔

وزیرِ دفاع الیاس المُر نے ہفتے کے دِن نئے فنڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عطیات وصول کیے جائیں گے، جو جزوی طور پر بیرونِ ملک رہنے والے لبنانی لوگوں سے آئیں گے۔

وزیر نے کہا کہ وہ اور اُن کے والد نے، جو ایک قانون ساز ہیں، اس اکاؤنٹ میں ایک ارب لبنانی پاؤنڈ دیے ہیں، جن کی ڈالر میں مالیت 670000بنتی ہے۔

لبنانی فوج پر حزب اللہ کے بڑھتے ہوئے اثر کے معاملے پر تشویش کے باعث امریکی قانون سازوں نے 10کروڑ ڈالر مالیت کی فوجی امداد روک دی تھی۔

امریکی قانون سازوں نے یہ قدم اِسی ماہ لبنان اور اسرائیل کے مابین خطرناک سرحدی جھڑپ کے نتیجے میں اُٹھایا۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو لبنانی فوجی، ایک صحافی اور ایک اعلیٰ اسرائیلی عہدے دار ہلاک ہوئے۔ 2006ء کے بعد،اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان یہ شدید لڑائی تھی۔