جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے کہا ہے کہ لیبیا کے رہنما معمر قذافی نے حکومت مخالف باغیوں کے ساتھ جنگ بندی کی تجاویز قبول کر لی ہیں۔
صدر زوما افریقی ملکوں کے رہنماؤں کے ایک وفد کی قیادت کر رہے ہیں جو لیبیا میں سیاسی بحران کا پرامن حل تلاش کرنے کے لیے اتوار کو دارالحکومت طرابلس پہنچا تھا۔
افریقی یونین کے رہنماؤں نے بتایا ہے کہ مجوزہ منصوبے میں فی الفور جنگ بندی، حکومت اور باغیوں کے درمیان مذاکرات، لیبیا میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ، اور شہریوں کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی شامل ہیں۔
مسٹر زوما کے مطابق افریقی یونین کا وفد پیر کو باغیوں کے گڑھ بن غازی کا دورہ کرے گا جہاں یہ منصوبہ حکومت مخالف رہنماؤں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
لیبیا میں سرگرم باغی یہ واضح کر چکے ہیں کہ وہ معمر قذافی کے اقتدار کے خاتمے سے کم کسی تجویز کو قبول نہیں کریں گے جب کہ لیبیا کے حکام کا کہنا ہے کہ مسٹر قذافی اپنے عہدے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
افریقی یونین کے رہنماؤں نے جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے کے لیے نیٹو سے بھی حکومتی اہداف پر فضائی حملے بند کرنے کی درخواست کی ہے۔