نیٹو کا کہنا ہے کہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں انکی فورسز کی جانب سے کئے جانے والے ایک حملے سے حادثاتی طور پر نو عام شہری ہلاک ہو گئے .
اتوار کے روز نیٹو کا کہنا تھا کہ ایک فوجی مقام پر رکھے گئے میزائلوں کو حدف بناتے وقت ہتھیاروں کے نظام میں خرابی کی وجہ سے صرف ایک نشانہ چُوک گیا۔ نیٹو کا کہنا ہے کہ اسے معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔
لیبیا کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ نیٹو کے جنگی طیاروں نے ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس سے نو افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
اتحادی افواج نے دوسری دفعہ حملوں میں غلطی کو تسلیم کیا ہے۔ ہفتے کے روز نیٹو نے تسلیم کیا تھا کہ اس کی زیر قیادت ایک طیارے نے غلطی سے شہر بریگا میں ایک آئل ریفائنری کے قریب باغیوں کے دستے کو حدف بنایا تھا۔ تاہم اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد نہیں بتائی گئی تھی ۔
ادھر چین کا کہنا ہے کہ لیبیا کے لیڈر معمر قذافی کی مخالفت کرنے والا باغی گروپ اِس ہفتے چین کا دورہ کرے گا۔
ایک بیان میں چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ عارضی سلامتی کونسل کے سربراہ مصطفی عبدل جلیل منگل سے دو روزہ دورے کا آغاز کریں گے۔
اس ماہ کے آغاز پر چین نے مسٹر قذافی کے ایک ایلچی سے بات چیت کی تھی۔ اسکے ساتھ ہی چین کے سفارتکاروں نے قذافی مخالف باغیوں سے بن غازی میں ملاقات کی تھی۔ چین نے اعتراض کیا ہے کہ نیٹو کے سرکاری ٹھکانوں پر کئے گئے فضائی حملے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد جس کے تحت عام شہریوں کی حفاظت کے لئےحملوں کی اجازت دی گئی تھی کی خلاف ورزی ہیں۔
اتوار کے روز باغیوں اور محکمہ صحت کے عملے کا کہنا تھا کہ باغیوں کے زیر قبضہ مغربی شہر مصراتہ میں جاری لڑائی سے کم از کم نو افراد ہلاک اور پچاس سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔عہدیداروں کے مطابق معمر قذافی کی حامی افواج نے مصراتہ کے مغرب میں واقع شہر دعفنیہ کو بھاری گولہ باری کا نشانہ بنایا ہے۔