چھتیس برس بعد ارجنٹائن کو فٹ بال ورلڈ کپ کا چیمپئن بنانے والے کپتان لیونل میسی نے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کر لی ہے۔
ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں فرانس کے خلاف جیت کے بعد میسی نے ارجنٹائن کے مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور عالمی چیمپئن ارجنٹائن کی جرسی پہن کر مزید میچز کھیلنا چاہتے ہیں۔
میسی کا کہنا تھا کہ وہ خوش قسمت کھلاڑی ہیں جن کے کریئر میں ہر ٹائٹل موجود ہے لیکن اس میں صرف فٹ بال ورلڈ کپ شامل نہیں تھا لیکن اب اس ٹائٹل کے اضافے کے بعد وہ سب کے ساتھ اس خوشی کو منانا چاہتے ہیں۔
دنیا کے نامور کھلاڑی نے ، جن کی عمر پینتیس برس ہے، اتوار کو فرانس کے خلاف ورلڈ کپ فائنل میں دو شان دار گول کیے تھے جس کے بعد ارجنٹائن کی طرف سے ان کے مجموعی گولز کی تعداد 98 ہو گئی ہے۔
ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان مقررہ اور اضافی وقت میں تین تین گول سے برابری کے بعد میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ ارجنٹائن کے چار کے مقابلے میں فرانسیسی کھلاڑی دو مرتبہ ہی گیند کو جال میں پھینک سکے۔
اس جیت کے بعد میسی کے شان دار کریئر میں ورلڈ کپ کے ٹائٹل کا بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
میسی نے کہا کہ اس انداز میں کریئر کا اختتام شاندار ہے لیکن اس کے بعد ان کے سامنے کوپا امریکہ اور ورلڈ کپ کے ایونٹ بھی موجود ہیں۔
SEE ALSO: میسی کے آبائی علاقے میں لوگ کیا چاہتے ہیں؟ارجنٹائن کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں فٹ بال سے پیار ہے اور قومی ٹیم کا حصہ رہتے ہوئے وہ بہت خوشی محسوس کرتے ہیں۔
قطر میں کھیلے گئے فٹ بال ورلڈ کپ سے قبل میسی نے کہا تھا کہ ان کے کریئر کا یہ آخری ورلڈ کپ ہو گا تاہم انہوں نے اب اپنا فیصلہ بدل لیا ہے۔
ارجنٹائن ٹیم کے کوچ لیونل اسکیلونی نے بھی میسی کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں میسی کو 2026 کے ورلڈکپ تک بچا کر رکھنا ہے، اگر وہ مزید کھیلنا چاہتے ہیں تو وہ ہمارے ساتھ ہوں گے۔"
اسکیلونی نے امید ظاہر کی کہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں 2026 میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ میں لیونل میسی ارجنٹائن ٹیم کا حصہ ہوں گے۔