ہفتے کی صبح برطانیہ کی ایک جیل میں ہنگامہ پھوٹ پڑنے کے بعد قیدیوں نے کھڑکیوں کو توڑاپھوڑا اور عمارتوں کو آگ لگانے کی کوشش کی۔
عہدے داروں کا کہناہے کہ جنوبی لندن کے نزدیک ارنڈیل کی فورڈ اوپن جیل میں تقریباً 40 قیدیوں نے نئے سال کی صبح سویرے بلوا شروع کیا۔ جیل کے ایک عہدے دار کا کہنا ہے کہ ہنگامہ کچھ قیدیوں کی جانب سے شراب نوشی کا پتا چلانے کے لیے سانس کے امتحان سے انکار کے بعد شروع ہوا۔
بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ ہنگامے کے وقت جیل میں صرف دو افسراور عملے کے دوسرے چار ارکان ڈیوٹی پر موجود تھے۔
وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے جیل کے عہدے داروں اور کارکنوں کو ڈیوٹی پر بلایا گیا۔
فوری طور کسی قیدی یا اہل کار کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
اس جیل میں چند سو ایسے قیدی رکھے گئے ہیں جن کی سزا ختم ہونے میں دو سال سے کم عرصہ باقی رہ گیا ہے۔