برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی کا باضابطہ پروگرام جمعرات کو جاری کر دیا گیا۔
تفصیلی پروگرام میں شاہی جوڑے نے جمعہ کو ہونے والی تقریب پر برطانوی عوام کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ موقع اُن کی زندگی کے خوشگوار ترین دنوں میں سے ایک ہوگا۔
پروگرام کے مطابق کیٹ مڈلٹن تقریب کے دوران شہزادہ ولیم کی ”اطاعت“ کا وعدہ نہیں کریں گی اوراپنے عہد میں ”پیار،تسکین، وقار اور اُن (شہزادہ ولیم) سے وفا“ کے الفاظ استعمال کریں گی۔
شاہی جوڑے نے بدھ کو شادی کی تقریب کی ریہرسل، یا آزمائشی مشق، میں شرکت کی تھی۔ اس موقع پر لندن کے بڑے گرجے ”ویسٹ منسٹر ایبی“ کے اطراف کی سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ لاکھوں افراد یہ شاہی تقریب ٹیلی ویژن پر دیکھیں گے۔
تقریبات کو براہ راست دیکھنے کے خواہش مند افراد نے شاہی سواری کے راستے کے اطراف میں ابھی سے ڈیرے ڈالنا شروع کر دیے ہیں۔ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پولیس کے تقریباً پانچ ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
محکمہ موسمیات نے جمعہ کو لندن میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بارش کی صورت میں شہزادہ ولیم اور اُن کی دلہن شادی کی تقریب کے بعد ویسٹ منسٹر ایبی سے بکنگھم پیلس تک کا سفر شیشے کی بگھی میں کریں گی اور مطلع صاف ہونے کی صورت میں کھلی بگھی کا استعمال کیا جائے گا۔