تنہا بطخ کو جیون ساتھی کی تلاش

فائل فوٹو

امریکی ریاست مین کے ایک چھوٹے سے قصبے بلیو ہل کے ایک گراسری سٹور کے باہر بورڈ پر چسپاں ایک اشتہار پر آنے جانے والوں کی توجہ مرکوز ہے۔

اشتہار میں کہا گیا ہے ایک بطخ کو اپنے جیون ساتھی کی تلاش ہے۔ وہ اس وقت تنہائی کی اداس زندگی گزار رہا ہے۔ اس کا ساتھی حال ہی میں مر گیا ہے۔ اشتہار میں رابطے کے لیے ای میل ایڈریس بھی دیا گیا ہے اور یہ بھی لکھا ہے صرف سنجیدہ افراد ہی رابطہ کریں۔

اس سے قبل ڈیٹنگ ویب سائٹس پر جیون ساتھی کی تلاش کے اشتہار صرف عورتوں اور مردوں کے متعلق ہوتے تھے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بطخ کے رشتے کا اشتہار دیا گیا ہے۔

کہانی کچھ یوں ہے کہ مین کے علاقے میں عموماً پیلے رنگ کی بطخیں پائی جاتی ہیں۔ جس نر بطخ کے جیون ساتھی کی تلاش کا اشتہار دیا گیا ہے، اسے کرس مورس نے پال رکھا ہے۔ مورس ایک مقامی اسکول میں ٹیچر ہے۔

اس کے پاس بطخوں کا جوڑا تھا۔ ایک روز جب کہ دونوں بطخیں پانی میں تیر رہی تھیں کہ تاک میں بیٹھا ہوا ایک جنگلی بلا جھپٹا اور مادہ بطخ کو دبوچ کر غائب ہو گیا۔

اپنا ساتھی کھونے سے نر بطخ بہت اداس ہو گیا۔ مورس سے اس کی اداسی اور تنہائی دیکھی نہ گئی اور اس نے گراسری اسٹور پر جیون ساتھی کی تلاش کے لیے اشتہار لگا دیا۔

قصبے سے شائع ہونے والے اخبار بنگار ڈیلی نیوز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اشتہار پڑھ کر ایک فارم کے مالک سیڈی گرین کا دل پسیج گیا اور اس نے مورس کے اداس بطخ کی مدد کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کے پاس پیلی بطخیں موجود ہیں جن میں سے ایک وہ مورس کو دے دے گا۔

خبر میں بتایا گیا ہے کہ مورس اور گرین کے درمیان اتوار کو ملاقات ہو رہی ہے۔ اس موقع پر بطخوں کا جوڑا بھی مکمل ہو جائے گا۔

خبر کے مطابق، اس تقریب میں ضیافت کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے اور یقینی طور پر بطخوں کے جوڑے کو ان کے پسندیدہ کیچوے پیش کیے جائیں گے۔