امریکہ: جہاز کے پر کے اوپر چڑھنے والا شخص گرفتار

امریکہ کے شہر لاس ویگاس کے ایئر پورٹ پر سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے جو 'الاسکا ایئر لائنز' کے ایک طیارے کی پرواز سے عین قبل جہاز کے پروں پر چڑھ گیا تھا۔

امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' نے 'الاسکا ایئر لائن' کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 'فلائٹ 1367' ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس سے ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ جا رہی تھی۔ طیارہ ٹیک آف کرنے کی تیاری کر رہا تھا کہ پائلٹ کی نظر جہاز کی جانب آنے والے ایک شخص پر پڑی۔

ایئر لائن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پائلٹ نے اس شخص کے بارے میں فوری طور پر کنٹرول ٹاور کو مطلع کیا۔

لاس ویگاس ایئر پورٹ کے ترجمان جو راشیل نے 'سی این این' کو بتایا کہ اطلاع ملنے کے فوری بعد لاس ویگاس پولیس اور ایئر پورٹ حکام نے اس شخص کو حراست میں لے لیا۔

طیارے میں سوار ایک مسافر نے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی ہے جس میں یہ شخص طیارے کے پروں پر بیٹھا ہوا اور پھر چلتا دکھائی دے رہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس شخص نے بوئنگ طیارے 737 کے پر کے اوپر چڑھ کر اپنے جوتے اور موزے اتارے اور پھر پر کے اوپری حصے پر چڑھنے کی کوشش کی۔

جب پولیس اس شخص کے قریب پہنچی تو وہ پر سے پھسل کر زمین پر آ گرا۔

لاس ویگاس ایئر پورٹ کے ترجمان کے مطابق پولیس نے مذکورہ شخص کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

ایئر لائن کے مطابق واقعے کے بعد طیارے کا مکمل معائنہ کیا گیا۔ 'الاسکا ایئر لائن' کی ویب سائٹ کے مطابق پرواز دوپہر ساڑھے 12 بجے روانہ ہونا تھی۔ لیکن اس شخص کی مداخلت کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی اور تقریباً شام پونے پانچ بجے روانہ ہوئی۔