دہلی کے ایک ہوٹل میں آتش زدگی، 17 ہلاک

آتش زدگی کی لیپٹ میں آنے والے ہوٹل کی عمارت

بھارت کے دارالحکومت دہلی کے ایک گنجان علاقے میں واقع ہوٹل میں آتش زدگی سے کم از کم 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

ہلاک شدگان میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہیں جنھوں نے اپنی جان بچانے کی خاطر چھت سے چھلانگ لگا دی تھی۔

آگ وسطی دہلی کے علاقے قرول باغ میں ہوٹل ارپِت پیل میں منگل کی صبح تقریباً چار بجے لگی جب سب لوگ سوئے ہوئے تھے۔

حکام نے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں سے کچھ لوگ زندہ جل کر ہلاک ہوئے اور باقیوں کی ہلاکت دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔

ماں بیٹے کے علاوہ ایک اور شخص نے بھی جان بچانے کے لیے چھت سے چھلانگ لگائی تھی لیکن وہ بھی جانبر نہیں ہو سکا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے بظاہر لگتا ہے کہ آتش زدگی کا سبب شارٹ سرکٹ ہے۔

ایک فائر افسر کے مطابق آتش زدگی کا نشانہ بننے والا ہوٹل ایک سستا ہوٹل تھا جس کی وجہ سے اس میں زیادہ لوگ ٹہرے ہوئے تھے۔

فائر افسر کے مطابق عمارت کی سیڑھیاں لکڑی کی تھیں جو آگ کے باعث جل گئی تھیں اور اسی وجہ سے کئی لوگ عمارت سے باہر نہیں نکل سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں آگ سے بچاؤ کا معقول انتظام بھی نہیں تھا۔

ہوٹل کے عملے نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ہوٹل 25 سال پرانا ہے اور جس وقت آگ لگی اس میں کم از کم 150 افراد مقیم تھے۔

ہوٹل میں میانمار سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کا ایک گروپ بھی ٹہرا ہوا تھا۔ لیکن تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا گروپ کے تمام افراد محفوظ ہیں یا ان میں سے بھی کوئی آتش زدگی کا نشانہ بنا ہے۔

آگ پر دو درجن سے زائد فائر انجنوں کی مدد سے کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پایا گیا۔ فائر فائٹرز نے عمارت میں پھنسے 35 افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کر دیا۔

واقعے کے بعد دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجری وال نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت مجسٹریٹ سے تحقیقات کرائے گی کہ علاقے کے ہوٹلوں میں قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی تو نہیں ہو رہی۔

حادثے کی وجہ سے دہلی حکومت نے اپنے قیام کے چار سال پورے ہونے پر منایا جانے والا جشن بھی منسوخ کر دیا ہے۔

دہلی حکومت کے ایک وزیر ستیندر جین نے کہا ہے کہ ہوٹل کی تعمیر میں ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

ان کے بقول علاقے میں صرف چار منزلہ عمارتوں کی تعمیر کی اجازت ہے لیکن متاثرہ ہوٹل پانچ منزلہ تھا جس میں چھت پر سائبان ڈال کر باورچی خانہ اور ڈائننگ ہال بنایا گیا تھا۔

قرول باغ دہلی کا ایک گنجان علاقہ ہے جہاں سینکڑوں دکانیں، ہوٹل اور دفاتر واقع ہیں۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے یہاں زبردست رش رہتا ہے اور اس قسم کے حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔