اقوامِ متحدہ: پاکستانی مندوب کے اعزاز میں الوداعی تقریب

فائل

پاکستانی سفیر کے اعزاز میں ہونے والی الوادعی تقریب میں 80 سے زائد ممالک کے سفارت کاروں نے شرکت کی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ایک بار پھرقائد اعظم جیسی قیادت علامہ اقبال کی شاعری کی روشنی میں پاکستان کے مستقبل کو روشن کرسکتی ہے۔

عالمی ادارے کے سربراہ نے پاکستان کے بارے میں ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب مسعود خان کی الوادعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مسعود خان اپنے عہدے سے ریٹائرمنٹ کے بعد آئندہ ماہ واپس اسلام آباد روانہ ہورہے ہیں اور ان کی جگہ ملیحہ لودھی اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کی ذمہ داری سنبھالیں گی۔

پاکستانی سفیر کے اعزاز میں ہونے والی الوادعی تقریب میں 80 سے زائد ممالک کے سفارت کاروں نے شرکت کی اور مسعود خان کی عالمی ادارے میں خدمات کو سراہا۔

تقریب سے خطاب میں بان کی مون کا کہنا تھا کہ وہ اس پاکستان کو جانتے ہیں جو علامہ اقبال کی شاعری، قائد اعظم کی قیادت، ورلڈ کپ کی فاتح کرکٹ ٹیم اور نصرت فتح علی کے گانوں سے دنیا میں پہچانا جاتا ہے۔

بان کی مون نے بحیثیت مستقبل مندوب مسعود خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفیر نے عالمی ادارے میں موسم کی تبدیلی سے قیام امن اور پائیدار ترقی تک تمام اہم مسائل پردنیا کی رہنمائی کی، اور ان کی قیادت میں پاکستان نے اقوام متحدہ میں اپنا موثر کردار ادا کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسعود خان نے - جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر بھی رہے ہیں – اس توقع کا اظہار کیا کہ سلامتی کونسل کی اصلاح اور دو ہزار پندرہ کے بعد کے ایجنڈے پرجو کام شروع کیا گیا تھا وہ تیزی سے کام مکمل کیا جائے گا۔