انتخابی تاریخوں پر پاکستانی میڈیا کی پیش گوئیاں

انتخابات

انتخابات

ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن کے حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے لیے آٹھ اور نو مئی کی تاریخ تجویز کی گئی ہے۔ عام انتخابات کا اعلان صدر کریں گے۔ جس کے بعد حتمی شیڈول جاری ہوگا
اگرچہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ابھی باضابطہ طور پر انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے, لیکن پاکستانی الیکٹرونک میڈیا نے اس حوالے سے اپنے اپنے طور پر پیش گوئیاں اور قیاس آرائیاں شروع کردی ہیں جن کے مطابق الیکشن آٹھ اور نو مئی کو ہوں گے۔ تاہم، تاریخ کا حتمی فیصلہ صدر زرداری کریں گے۔

’وائس آف امریکہ‘ کے نمائندے نے جب اس سلسلے میں ڈائریکٹر الیکشن کمیشن آف پاکستان سندھ محمد نجیب سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کی معلومات میں ایسی کوئی اطلاع نہیں۔

اس کے برعکس، نجی ٹی وی چینل ’اےآر وائی نیوز‘ نے ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن شیر افگن کے حوالے سے کہا ہے کہ عام انتخابات کے لیے آٹھ اور نو مئی کی تاریخ تجویز کی گئی ہے۔ عام انتخابات کا اعلان صدر کریں گے۔ جس کے بعد حتمی شیڈول جاری ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق، کاغذات نامزدگی کے لئے چھ دن دیئے جائیں گے، جس کی جانچ پڑتال کا عمل سات روز میں مکمل کیا جائے گا۔


’جیو نیوز‘ نے الیکشن کمیشن کے ذرائع کےحوالے سے خبردی ہے کہ حکومت کو تجویز کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق 16 مارچ کو قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد انتخابی شیڈول 21 مارچ سے قبل جاری ہوگا۔ شیڈول کے اجرا کے بعد چھ روز تک کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے، جبکہ اگلے سات روز تک ان کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی۔

کاغذات نامزدگی منظور اور مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں داخل کرنے کے لئے چار روز ہوں گے۔

اپیلوں کی سماعت کے لئے سات روز رکھے جائیں گے۔ ایک روز کاغذات نامزدگی کی واپسی کے لئے ہوگا اور اگلے روز امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی، جس کے 21 دن بعد پولنگ ہوگی اور یوں یہ سارا انتخابی عمل 50 روز کے اندر مکمل ہوجائے گا۔


رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان صدر زرداری کریں گے۔ تاہم، وہ الیکشن کمیشن کی مجوزہ تاریخوں سے ہٹ کر بھی تاریخ کا اعلان کر سکتے ہیں۔ لیکن، اس بات کو مدنظر رکھنا ضروری ہوگا کہ انتخابی عمل اسمبلی کی تحلیل کے 60 روز کے اندر مکمل ہو۔