پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل دونوں ٹیموں کے بالرز کے نام رہا۔
میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیل کے دوسرے روز میزبان آسٹریلیا نے 187 رنز تین وکٹوں کے نقصان سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن پاکستانی بالنگ لائن کے سامنے آسٹریلوی بیٹرز بورڈ پر بڑا اسکور نہ لگا سکے اور پوری ٹیم کھانے کے وقفے تک 318 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستانی بیٹنگ لائن کا حال بھی کچھ اسی طرح سے ہوا۔ ابتدائی بلے بازوں نے بڑی شراکت قائم کی لیکن اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور دوسرے روز کھیل کے اختتام تک مہمان ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں ہی بلے باز ایک بڑی پارٹنر شپ کی جانب بڑھ رہے تھے کہ 34 کے مجموعی اسکور پر امام الحق نیتھن لائن کا شکار بن گئے۔ انہوں نے 10 رنز بنائے۔
عبداللہ شفیق اور کپتان شان مسعود نے دوسری وکٹ پر ذمے دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 90 رنز کی شراکت قائم کی اور عبداللہ شفیق نے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔
ٹیم کا مجموعی اسکور 124 تک پہنچا تو شفیق 62 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔
عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ سابق کپتان بابر اعظم ایک رن بنا کر پیٹ کمنز کی شاندار گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ کپتان شان مسعود 54، سعود شکیل نو اور آغا سلمان پانچ رنز ہی بنا سکے۔
ساتویں وکٹ پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 29 اور فاسٹ بالر عامر جمال دو رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے تین، نیتھن لائن نے دو اور جوش ہیزل وڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان جاری تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں میزبان آسٹریلیا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔