اسرائیلی فضائیہ نے کہا ہے کہ اس نے غزہ کے شمالی علاقے میں مشتبہ دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے اور جنوب میں ایک زیر زمین سرنگ پر بمباری کی ہے۔
فضائیہ کے مطابق جمعرات کی شب ہونے والی یہ کارروائی غزہ سے جنوبی اسرائیل پر راکٹ داغے جانے کے بعد کی گئی۔
اسرائیل کی دفاعی فورس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں سال کے پہلے ہفتے کے دوران حماس کے زیر انتظام غزہ سے 10سے زائد راکٹ اور مارٹر گولے اسرائیل پر داغے جا چکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل ان حملوں کا ذمہ دار صرف اور صرف ”دہشت گرد تنظیم“ حماس کو ٹھہراتا ہے۔
اُدھر فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ اسرائیل فوجیوں نے غزہ کی پٹی کے سرحدی علاقے میں دو فلسطینیوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ اسرائیلی فوجی حکام کے مطابق اہلکاروں نے یہ کارروائی بدھ کے روز اس وقت کی جب فلسطینیوں کا ایک گروہ سرحد پر لگائی گئی باڑ کو غیر قانونی طور پر عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔