صدر براک اوباما نے ایک مقامی اسکول میں منعقدہ تقریب میں شرکت کرکے شہری حقوق کے لیے جان دینے والے رہنما مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کوخراجِ عقیدت پیش کیا۔
مسٹر اوباما، اُن کی اہلیہ مشیل اور دو نوں بیٹیوں نے پیر کے روز ایک پینٹنگ پراجیکٹ میں شرکت کی، پیر کو کِنگ کی تعظیم میں وفاقی سطح پر تعطیل رہی۔ موقعے کی مناسبت سے صدر کی کابینہ کے ارکان نے ملک بھر میں کمیونٹی کی خدمت سے موسوم یادگاری تقاریب میں شرکت کی۔
اسکول میں منعقد ہونے والی تقریب میں تقریر کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ کِنگ کا خواب مساوات اور انصاف کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی فلاح کے لیے خدمت بجا لانا تھا۔
پیر کے روز سے ایٹلانٹا کے کنگ سینٹر میں ہفتے بھر کی تقاریب کا آغاز ہوا، جِس کے دوران یادگاری تقاریب منعقد ہوں گی جو رضاکار انہ نوعیت کی سرگرمیوں اور کمیونٹی کے پروگراموں پر مشتمل ہوںٕ گی ۔
کِنگ ، جو کہ افریقی نژاد امریکی تھے،مذہبا بیپٹسٹ عیسائی تھے، جنھوں نے 1950اور 1960ء کی دہائیوں میں خصوصی طور پر امریکہ کے جنوب کے علاقے میں زیادتی اور نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کی، جہاں اُس وقت کے معاشرے میں سیاہ فام لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق میسر نہ تھے اور کبھی کبھار وہ وحشیانہ تشدد کا شکار ہوا کرتے تھے۔
کِنگ کو چار اپریل 1968ء کو ریاستِ ٹینیسی کے شہر میمفس میں قتل کیا گیا، جب کہ اُن کی عمر 39 برس تھی۔