پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس کندھے کی انجری کے باعث ناصرف نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا اور فیصلہ ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے بلکہ آئندہ ماہ دورہ جنوبی افریقہ میں بھی اُن کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
محمد عباس دبئی ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران ڈائیو لگاتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔ انہوں نے یہ ٹیسٹ میچ پین کلرز لے کر کھیلا لیکن اب کندھے کے اسکین کے بعد اُن کی انجری سے متعلق خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
اسکین رپورٹ شولڈر اسپیشلسٹ کو بھیج دی گئی ہے تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ وہ تین ہفتوں سے چار ماہ تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
ایک سال قبل اپنے ٹیسٹ کیریئر کے آغاز سے محمد عباس پاکستان کے اہم فاسٹ بولر ہیں لیکن وہ حالیہ سیریز کی مسلسل آخری تین اننگز میں ایک بھی وکٹ لینے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
محمد عباس نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف جیت میں اہم کردار ادا کیا اور 12 سال بعد متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ میچ کے دوران 10 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر کا اعزاز حاصل کیا جبکہ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طورپر 17 وکٹیں لیں۔
پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس اپنی عمدہ اور نپی تلی بولنگ کے باعث صرف 12 ٹیسٹ میچوں میں 16 اعشاریہ 62 کی اوسط سے مجموعی طور پر 61 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ ٹیسٹ میچ میں وہ ایک مرتبہ 10 اور ٹیسٹ کی کسی بھی اننگز میں 4 مرتبہ پانچ یا زائد وکٹیں لے چکے ہیں۔
محمد عباس نے کیریئر کے آغاز سے مسلسل شاندار کارکردگی کے باعث بہت کم عرصے میں آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر جگہ بنالی ہے۔
کراچی —