قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جمعرات کو ہونے والی جھڑپ میں کم ازکم چار اہلکار اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق تحصیل باعزئی کے علاقے میں خود کار ہتھیاروں سے لیس حملہ آور وں نے فرنٹیئر کور کی چوکی پر حملہ کر دیا۔
افغان سرحد سے ملحقہ اس قبائلی علاقے میں سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کے شدت پسندوں کے حملے کو پسپا کر دیا اور اس لڑائی میں 10 جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔
مہمند ایجنسی کے علاقے میں موجود عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستانی فورسز آپریشن کر رہی ہیں جس کے جواب میں جنگجوؤں نے سرکاری اہلکاروں اور حکومت کے حامی قبائلیوں پر حملے بھی تیز کر رکھے ہیں۔
رواں ہفتے مہمند سے ملحقہ علاقے لوئر دیر میں بھی ایک خودکش حملہ کیا گیا جس کا بظاہر ہدف طالبان مخالف دوقبائلی عمائدین تھے۔
دریں اثناء پشاور سے ملحقہ خیبر ایجنسی میں جمعرات کو سکیورٹی فورسز کی گاڑی سڑک میں نصب بم سے ٹکرا گئی جس سے سات اہلکار زخمی ہو گئے۔