آپ کو اسٹار پلس سے پیش کیا جانے والا مزاحیہ سیریل 'بابہو اور بے بی' یقیناً یاد ہوگا کیونکہ کئی سیشن تک چلنے والے اس سیریل نے خوب دھوم مچائی تھی۔ پھر اس کے ایک کردار گٹو نے جو اداکاری کی تھی وہ بھی اتنی آسانی سے نہیں بھلائی جاسکتی۔ گٹو کا کردار اداکیا تھا دیون بھوجانی نے۔ اب یہی گٹو 'مسز ٹینڈولکر 'بن سب ٹی وی سے آنے لگا ہے ۔
سیریل کے نام ' مسز ٹینڈولکر' اور کچن میں عورتوں کی طرح کام کرتے دیون بھوجانی کی تصویر دیکھ کر ہی آپ نے اندازہ لگالیا ہوگا کہ یہ مزاحیہ سیریل ہے۔ کہانی کا تانا بانا کچھ اس طرح بنا گیا ہے کہ سوہاس ٹینڈولکر ڈرامہ نگار ہے اور گھر پر رہ کر ٹی وی سیریلز لکھتا ہے جبکہ اس کی بیوی ویباوری ٹینڈولکر ( کشور گوڈبولے) بینک منیجر ہے ۔ لہذا بیوی بینک جاتی ہے تو شوہر کو گھر پر رہ کر اپنے تین بچوں کے کاموں سے لیکر کھانا پکانے تک سب کچھ خود کرنا پڑتا ہے۔
سوہاس کی فیملی نئے گھر میں شفٹ ہوئی ہے۔ یہ گھر بینک سوسائٹی میں واقع ہے جہاں سارے ہی لوگ بینک ملازم ہیں۔ سب کے اپنے اپنے مزاج اور اپنے اپنے مسئلے ہیں۔ سوسائٹی کی باقی خواتین سوہاس کو گھر اور اس کی بیوی کو گھر سے باہر کمانے کے لئے جاتا دیکھ کر سوہاس کو مسز ٹینڈولکر کے نام سے پکانے لگتی ہیں۔ سوہاس نیا محلہ ہونے کی وجہ سے خواتین کے ہر مذاق کو برداشت کرتا ہے مگر محلے کی خواتین ہیں کہ ہر روز کوئی نہ کوئی کام ایسا کرہی جاتی ہیں جو سوہاس کے لئے نئے مسئلے کھڑا کردیتا ہے۔ سوہاس ان مسائل اور محلے کی خواتین سے کس کس طرح بچتا بچاتارہتا ہے یہی سیریل کی اصل ٹریٹمنٹ ہے۔
' مسز ٹینڈولکر' ہیٹس آف پروڈکشنز نے تیار کیا ہے۔ یہ وہی پروڈکشن ہاوٴس ہے جو اس سے پہلے "با، بہو اور بے بی"، "کھچڑی" اور دیگر کئی مشہور سیریلز بنا چکا ہے۔ دیون بھوجانی نے نہ صرف "با، بہو اور بے بی" میں اداکاری کی تھی بلکہ وہی اس سیریل کے کری ایٹو ڈائریکٹر بھی تھے۔
دیون بھوجانی چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر ڈراموں میں آئے تھے۔ انہوں نے فلموں اور اسٹیج ڈراموں میں بھی کام کیا۔ وہ ایکٹر اور ڈائریکٹر دونوں حیثیت سے کام کرتے ہیں۔ ٹی وی ڈرامہ سیریلز "دیکھ بھئی دیکھ، ایک محل ہو سپنوں کا، آفس آفس، میں تیرے آنگن کی، سارہ بھائی ورسز سارہ بھائی اور انسٹنٹ کھچڑی ان کے کامیاب ترین ٹی وی سیریلز ہیں۔
دیون نے گٹو کا کردار اس خوبی سے ادا کیا کہ اس نام سے ایک کامک بھی باقاعدہ کتابی شکل میں ترتیب دیا گیا۔ آج بھی بچوں میں یہ کومک بہت پسند کیا جاتا ہے۔
اداکاری سے پہلے دیون ٹیلی فون بوتھ چلاتے تھے۔ ساتھ ساتھ انہوں نے ایک مشہور بھارتی کمپنی میں سیلز مین کی حیثیت سے بھی کام کیا۔ سیریلز میں بچوں کے کردار اداکرنے والا دیون شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ ہے۔ ان کے ایک بچے کی عمر 19 سال ہے ۔