رسائی کے لنکس

ملئے ایک نئی، بھولی بھالی مگر باتونی لڑکی ۔۔۔ گیت سے


ملئے ایک نئی، بھولی بھالی مگر باتونی لڑکی ۔۔۔ گیت سے
ملئے ایک نئی، بھولی بھالی مگر باتونی لڑکی ۔۔۔ گیت سے

بھارتی ٹی وی اسٹار پلس کی نئی سیریل "لو یو زندگی" شروع ہوچکی ہے۔ 'لو یو زندگی' اس چینل پر چلنے والے دوسرے سیریلز سے بہت مختلف ہے۔ کم ازکم اس میں ساس بہو اور 'کچن پولیٹکس' کو موضوع نہیں بنایا گیا بلکہ 'لو یو زندگی' کہانی ہے دوایسے پیار کرنے والوں کی جو عادتاً ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔ گیت ڈھلوں کا تعلق سکھ مذہب سے ہے اور وہ بھٹینڈا کی رہنے والی ہے ۔ زندگی کے بارے میں اس کا نظریہ شاعرانہ سا ہے جبکہ ادتیہ ایک دل برداشتہ نوجوان ہے۔ اس کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جس کی بڑی بڑی فیکٹریاں اور جائیدادیں ہیں مگر وہ اپنے آپ سے بھی فرار چاہتا ہے۔

ان دونوں کی ملاقات ٹرین میں سفر کے دوران ہوتی ہے۔ دونوں بھٹینڈا سے ممبئی براستہ منالی جارہے ہیں۔ دونوں کے لئے یہ سفر یادگار ٹھہرتا ہے، اس حقیقت کے باوجود کہ ادتیہ ہمیشہ منفی اور گیت ہمیشہ مثبت انداز سے سوچتی ہے۔

سیریل میں گیت کا گھرانہ افرادی لحاظ سے بھی خاصا بڑا دکھایا گیا ہے لیکن سب لوگ گیت کو انتہائی حد تک چاہتے اور اس کی ہر خواہش کا احترام کرتے ہیں۔ گیت کو بے تکان بولنے کا مرض ہے۔ وہ موضوع بے موضوع کئی کئی گھنٹے تک بولنے کا فن جانتی ہے۔ اسے کوئی چیز پسند آجائے تو تب تک چین سے نہیں بیٹھتی جب تک اسے حاصل نہ کرلے۔ فیشن کی تو وہ دیوانی ہے۔

منجو اس کی بہترین دوست ہے اور آلو پراٹھا، چکن، راجمہ چاول، چھولے، پنیر اور چائنیز کھانے اس کی کمزوری ہیں۔

سیریل کو اس حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کہ اس میں ہیروئن کا کردار امتیاز علی کی فلم 'جب وی میٹ' سے ملتا جلتا ہے اور سیریل کی ہیروئن گیت نے فلم کی ہیروئن کرینہ کپور کو کاپی کیا ہے۔ اس سلسلے میں گیت کا کہنا ہے کہ ایسا ہرگز نہیں ہے، یہ سیریل ہے اور وہ فلم۔۔ دونوں میڈیم الگ الگ ہیں لہذا فلم کو ڈرامے سے نہیں ملایا جاسکتا۔ سیریل کرتے وقت بھی یہ خیال رکھنا پڑتا ہے کہ یہ ٹی وی کے لئے ہے، بگ اسکرین کے لئے نہیں۔

XS
SM
MD
LG