اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ اور مصر کے درمیان سرحدی زون اسرائیل کے کنٹرول میں ہونا چاہیے۔
حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ 13ویں ہفتے میں داخل ہو چکی ہے۔
ہفتے کو نیوز کانفرنس میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ یہ جنگ مزید کئی ماہ تک جاری رہ سکتی ہے۔
اگر اسرائیل غزہ کے سرحدی زون کا کنٹرول سنبھال لیتا ہے تو یہ عملاً 2005 میں اسرائیل کی غزہ سے اپنی فوج واپس بلانے سے پہلے کی صورتِ حال پر واپسی ہو گی اور یہ زمینی پٹی کئی برسوں تک حماس کے زیرِ انتظام رہنے کے بعد ایک بار پھر اسرائیل کے کنٹرول میں آ جائے گی۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ’’فلاڈیلفی راہ داری یا اسے مزید درست انداز سے کہا جائے تو غزہ کے جنوبی سرحدی گزر گاہ لازماً ہمارے ہاتھ میں ہونی چاہیے۔ اسے لازماً بند ہونا چاہیے۔ یہ واضح ہے کہ اس کے علاوہ کوئی اور بندو بست ہماری مطلوبہ ڈی ملٹرائزیشن کو یقینی بنانے کے لیے کافی نہیں ہوگا۔‘‘
اسرائیل کے وزیرِ اعظم نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے فلسطینی علاقے غزہ میں جاری فوجی کارروائی کے دوران تقریباً آٹھ ہزار جنگجو ہلاک کیے ہیں۔
غزہ میں حماس کے زیرِ انتظام وزارتِ صحت کے مطابق رواں برس سات اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ کے دوران اب تک 21 ہزار 672 فلسطینی ہلاک اور 56 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔
ان اعداد و شمار میں شہریوں اور جنگجوؤں کی ہلاکتوں کی تفریق نہیں کی گئی ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
اسرائیل نے حماس کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز اس کے سات اکتوبر کے حملوں کے بعد کیا تھا۔
اسرائیل کے مطابق حماس کے حملے میں اس کے 1200 شہری ہلاک ہوئے تھے اور 240 افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا جن میں سے تقریباً 129 غزہ میں ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اب تک لڑائی میں اس کے 170 اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔
ہفتے کو پریس کانفرنس کے دوران نیتن ہاہو کا کہنا تھا کہ ہم بتدریج حماس کی صلاحیت ختم کر رہے ہیں اور اس کی قیادت کا بھی خاتمہ کر دیں گے۔
انہوں نے اسرائیلی یرغمالوں کی بازیابی کا عزم بھی دہرایا۔
ہفتے کو تل ابیب میں سینکڑوں مظاہرین نے یرغمال اسرائیلیوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے مظاہرہ بھی کیا۔
فضائی حملے میں 165 ہلاک، 250 زخمی
ہفتے کو جنوبی غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں نے پیش قدمی جاری رکھی جس کے دوران البریج، نصیرات اور مغازی پناہ گزین کیمپوں اور جنوبی شہر خان یونس پر بھی گولہ باری کی۔
SEE ALSO: غزہ جنگ پر بات چیت کےلیے حماس وفد مصر میں، غزہ میں مزید ایک لاکھ بےگھرحماس کے زیرِ انتظام وزارتِ صحت کے مطابق غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے شدید فضائی حملوں میں 165 افراد ہلاک اور 250 زخمی ہو گئے ہیں۔
مصر کی سرحد کے قریب واقع خان یونس کے علاقے میں ہزاروں پناہ گزین محفوظ ٹھکانوں کی تلاش میں ہیں اور زخمی ہونے والوں کو جنوبی غزہ کے سب سے بڑے اسپتال نصر منتقل کیا جارہا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا میں حماس کے دو کمپاؤنڈز کو تباہ کر دیا ہے۔
اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس، رائٹرز اور اے ایف پی سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔