نیویارک: بم حملہ آور مجرم قرار، عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے

فائل

نیو جرسی کے شہر، الزبیتھ سے تعلق رکھنے والے 29 برس کے احمد خان رحیمی کو عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ اُن پر ثابت ہونے والے الزامات میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے اور بھیڑ والے کھلے مقام پر بم حملے کے الزامات شامل تھے

وہ فرد جن پر نیو یارک میں دو بم نصب کرنے کا الزام تھا، جس دھماکے میں گذشتہ سال ستمبر میں 30 افراد زخمی ہوئے تھے، اُنھیں پیر کے روز عائد کردہ تمام الزامات میں ملوث پایا گیا۔

نیو جرسی کے شہر، الزبیتھ سے تعلق رکھنے والے 29 برس کے احمد خان رحیمی کو عمر قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ اُن پر ثابت ہونے والے الزامات میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے اور بھیڑ والے کھلے مقام پر بم حملے کے الزامات عائد تھے۔

محکمہٴ انصاف کے بیان میں قائم مقام معاون اٹارنی، ڈینا بوئنتے نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ رحیمی کے جرائم پر اُنھیں احتساب کے کٹہرے میں لا کھڑا کرنے کے ضمن میں ایک اہم قدم ہے۔

قائم مقام وفاقی اٹارنی جون کِم نے کہا ہے کہ ’’داعش اور القاعدہ کے بہکاوے میں آ کر رحیمی نے نیو جرسی اور مین ہٹن کے مرکز چیلسیا کی سڑکوں پر بم نصب کیے اور دھماکے کیے، جن کا مقصد زیادہ سے زیادہ بے گناہ لوگوں کو جانی نقصان پہنچانا اور اُنھیں معزور کرنا تھا۔ رحیمی کے نفرت پر مبنی جرائم کا جواب فوری اور پختہ انصاف کے ذریعے دیا گیا ہے‘‘۔

اپنے دفاع میں، ملزم نے کہا تھا کہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے، جس کے بعد دو ہفتے تک مقدمے کی کارروائی چلتی رہی۔

تاہم، وکلائے استغاثہ نے رحیمی کے خلاف دستیاب بہت سارے ثبوت کی طرف توجہ مبذول کرائی، جن میں بموں پر اُن کے فنگر پرنٹ اور ڈی این اے نشانات، اور ساتھ ہی درجنوں وڈیو کے ثبوت شامل تھے، جن یں اُس رات اُن کی حرکات و سکنات کو بخوبی دیکھا جا سکتا ہے۔

نیو یارک کے میئر بِل بلاسیو نے پیر کے روز سنائے گئے فیصلے پر مقدمے کی کارروائی سے وابستہ تمام افراد کو مبارکباد دی ہے۔

ایک بیان میں، اُنھوں نے کہا کہ ’’چیلسیا کا بم حملہ ہمارے شہر کی گہما گہمی کو بند کرنے کی ایک کوشش تھا۔ برعکس اس کے، ہمارا نیو یارک پولیس کا محکمہ اور ہمارے وفاقی وکلائے استغاثہ نے احمد رحیمی کو کیفرِ کردار تک پہنچا دیا ہے‘‘۔

سترہ ستمبر، 2016ء کی شام گئے نیو یارک کے چیلسیا کے مقام پر بم دھماکہ ہوا تھا۔

رحیمی نے 17 ستمبر کو بھی، نیو جرسی کے مقام سی سائیڈ پارک کے علاقے میں ’میرین کور چیرٹی‘ میں داخل ہونے والی سیڑھی کے قریب دوسرا بم بھی نصب کیا تھا۔ یہ اُس وقت پھٹا جب بم اسکواڈ اسے ناکارہ بنانے کی کوشش میں مصروف تھا۔