فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق عالمی مقابلے کا فائنل نیویارک-نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر ورلڈ کپ کے مقابلوں کی میزبانی کریں گے۔ تینوں ممالک کے کل 16 شہر میچز کی میزبانی کریں گے جب کہ زیادہ تر میچز امریکہ میں کھیلے جائیں گے۔
دنیا کی بہترین 48 ٹیمیں ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی اور ٹورنامنٹ میں چار ٹیموں کے 12 گروپس ہوں گے جن کے درمیان مختلف مقامات پر 104 میچز کے علاوہ 24 میچز ہوں گے۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ میکسیکو شہر کے مشہور اسٹیڈیم ایزٹیکا میں 11 جون کو کھیلا جائے گا جب کہ فائنل 19 جولائی کو نیویارک میں ہو گا۔
فیفا کے مطابق امریکی شہر اٹلانٹا اور ڈیلاس سیمی فائنل میچوں کی میزبانی کریں گے جب کہ تیسری پوزیشن کا میچ ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں کھیلا جائے گا۔
SEE ALSO: فٹ بال 2026 ورلڈ کپ کے میزبان امریکہ، کنیڈا اور میکسیکوکوارٹر فائنل مقابلے لاس اینجلس، کنساس سٹی، میامی اور بوسٹن میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ تیس سال قبل 1994 کا ورلڈ کپ بھی امریکہ میں منعقد ہوا اور فائنل لاس اینجلس کے قریب پاساڈینا کے روز باؤل میں کھیلا گیا تھا۔
نیویارک میں اس ورلڈ کپ کے میچ پرانے جائنٹس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے جسے بعد میں منہدم کر کے اس کی جگہ 2010 میں میٹ لائف اسٹیڈیم بنایا گیا تھا۔
فیفا کا میچوں کے مقامات کے بارے میں فیصلوں کا اعلان شمالی امریکہ میں براہِ راست ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا اور اس موقع پر فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو سمیت کامیڈین اور اداکار کیون ہارٹ، ریپر ڈریک اور مشہور شوبز شخصیت کم کارڈیشین بھی شریک تھیں۔
SEE ALSO: فٹ بال ورلڈ کپ جیتنے کے بعد میسی کا 'یوٹرن'فائنل کی میزبانی
نیویارک کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کی میزبانی کا اعزاز امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس کی طرف سے ایک مضبوط بولی کے مقابلے کے بعد حاصل کیا گیا۔
نیویارک نے اپنی فائنل کی میزبانی کے لیے بولی پیش کرتے ہوئے بڑے بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے شہر کے تجربے، شائقین کے لیے آسان نقل و حمل کے رابطوں اور ایک عالمی شہر کے طور پر اپنی کی پوزیشن کو اجاگر کیا تھا۔
میٹ لائف اسٹیڈیم میں 82,500 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اس اسٹیڈیم میں 2016 کوپا امریکہ ٹورنامنٹ کے فائنل سمیت کئی بین الاقوامی فٹ بال گیمز کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔
نیویارک کا یہ جدید اسٹیڈیم دریائے ہڈسن کے پار ایسٹ رودر فورڈ، نیو جرسی میں، نیشنل فٹ بال لیگ کے نیویارک جائنٹس اور نیویارک جیٹس کا مسکن ہے۔
فٹ بال کا یہ ورلڈ کپ امریکہ کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے دوران منعقد ہوگا۔
SEE ALSO: ورلڈ کپ 2030 میں کونسی دو چیزیں غیر معمولی ہیں؟چار جولائی کو منائے جانے والے یومِ آزادی کے موقع پر ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں بھی مقابلوں کا ایک راؤنڈ منعقد کیا جائے گا، جہاں امریکی اعلانِ آزادی پر دستخط کیے گئے تھے۔
امریکہ میں کھیلے جانے والے راونڈ میچوں کا آغاز 12 جون کو لاس اینجلس کے سوفائی اسٹیڈیم سے ہوگا جب کہ ریاست واشنگٹن کے شہر سیئٹل میں بھی میچ کھیلا جائے گا۔
ٹورنٹو کو کینیڈا کی ٹیم کے پہلے کھیل کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا ہے جب کہ وینکوور کینیڈا کا دوسرا مقام ہے جو مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے اے یف پی سے لی گئی ہیں۔