انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ماؤنٹ مونگنئی میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ نیوزی لینڈ نے ایک اننگز اور 65 رنز سے جیت لیا ہے۔
انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 353 رنز بنائے جب کہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 615 رنز بنا کر ڈیکلیئر کی اور انگلینڈ کو دوسری اننگز کھیلنے کا موقع دیا۔
انگلینڈ دوسری اننگز میں تمام کوششوں کے باوجود صرف 197 رنز ہی بنا سکا۔ یوں نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک اننگز اور 65 رنز سے پہلا ٹیسٹ جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔
میچ کا ٹاس انگلینڈ نے جیتا تھا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو غلط ثابت ہوا۔ اننگز کا آغاز برنز اور سبلے نے کیا۔
روری برنز 52 اور ڈوم سبلے 22 رنز اسکور کر سکے جب کہ جو ڈینلے نے 74، بین اسٹوکس نے 91، جوز بٹلر نے 45 اور اولی پوپ نے 29 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں بالنگ کرتے ہوئے ٹم ساؤتھی نے چار، گرینڈ ہوم نے 2 اور ویگنر نے تین وکٹیں لیں۔
انگلینڈ کے بعد نیوزی لینڈ نے جوابی بیٹنگ کی اور 9 وکٹوں کے نقصان پر 615 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ ان 615 رنز کے مجموعے میں واٹلنگ کے شاندار 205 اور سینٹنر کے 126 رنز بھی شامل تھے۔
بی جے واٹلنگ نے اپنی بیٹنگ کے دوران 24 چوکے اور ایک چھکا لگایا جب کہ مچل سینٹنر نے 11 چوکے اور 5 چھکے لگا کر 126 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ ولیمسن 51، ٹیلر 25، نیکولس 41 اور گرینڈ ہوم 65 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ بولٹ صرف ایک رن اسکور کر سکے جب کہ ویگنر 11، ساؤتھی 9 اور لیتھم 8 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
انگلینڈ کے بالرز میں سیم کورن نے تین، لیچ اور اسٹوکس نے دو دو اور جو روٹ اور آرچر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیں۔
انگلینڈ کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بھی لڑکھڑا گئی اور ان کے بلے بازوں کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 35 رنز رہا جو ڈینلی نے بنائے۔ برنز 31 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے جب کہ اسٹوکس 28 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے۔
یوں انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 197 رنز ہی بناسکی جس کے سبب نیوزی لینڈ یہ میچ ایک اننگز اور 65 رنز سے جیت گیا۔