متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔
جمعے کو ٹیسٹ کے پانچویں روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کے فاسٹ بالر حسن علی نے پہلی ہی گیند پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ وہ 139 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کیوی کپتان آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کے بلے بار ہینری نکولس اور گرینڈ ہوم چھٹی وکٹ پر 62 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا مجموعی اسکور 334 تک لے گئے۔
ایسے میں بلے باز گرینڈ ہوم 26 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کے ساتویں آؤٹ ہونے والے بلے باز واٹلنگ تھے جنہیں یاسر شاہ نے کلین بولڈ کیا۔ یوں نیوزی لینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنا کر اپنی اننگز ڈکلئیر کر دی۔
کیویز نے جب اپنی اننگز ڈکلئیر کی تو ان کے بلے باز ہینری نکولس 126 اور ٹم ساؤتھی 15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے چار، شاہین آفریدی نے دو اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دو سو اسی رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے امام الحق اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا۔
پاکستان کو شروع میں ہی مشکلات کا سامنا رہا اور 19 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ 8 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
یوں محمد حفیظ جنہوں نے اسی ٹیسٹ میچ کے دوران چار دسمبر کو ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، اپنے آخری میچ کو یادگار نہ بنا سکے۔
دوسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے جنہوں نے پہلی اننگز میں تو سینچری اسکور کی لیکن دوسری اننگز میں صرف 5 رنز بنا سکے۔
اس کے ساتھ ہی پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر لڑکھڑا گئی اور کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔
اظہر علی کے بعد حارث سہیل 9 رنز، اسد شفیق بغیر کوئی اسکور بنائے، امام الحق 22 اور کپتان سرفراز احمد 28 رنز، بلال آصف 12 اور یاسر شاہ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹتے رہے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے نصف سنچری اسکور کی اور سب سے زیادہ 51 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے سومرویلے اور ٹم ساؤتھی نے تین، تین جب کہ گرینڈہوم اور اعجاز پٹیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے 274 رنز جب کہ پاکستان نے 348 رنز بنائے تھے۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلا ٹیسٹ میچ جب کہ پاکستان نے دوسرا ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔