رسائی کے لنکس

یاسر شاہ کی ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں


اس سے قبل آسٹریلوی لیگ اسپنر کلیری گرمٹ نے 1936ء میں 36 ٹیسٹ میچز کھیل کر 200 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

پاکستانی بالر یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے بالر بن گئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے وکٹوں کی تیز ترین ڈبل سینچری بنا لی۔

جمعرات کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو یاسر شاہ نے ولیم سمرویلے کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔

اس وکٹ کے حاصل ہوتے ہی ان کی وکٹیں حاصل کرنے کی ڈبل سینچری مکمل ہو گئی۔

اس سے قبل آسٹریلوی لیگ اسپنر کلیری گرمٹ نے 1936ء میں 36 ٹیسٹ میچز کھیل کر 200 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

یاسر شاہ نے 33 میچوں میں 200 وکٹیں حاصل کرکے کلیری گرمٹ کا 82 سالہ ریکارڈ توڑ دیا اور وہ اب دنیا کے پہلے بالر بن گئے ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

بائیس اکتوبر 2014ء کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے یاسر شاہ نے تیز ترین 200 وکٹوں کا اعزاز چار سال اور ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں اپنے نام کیا ہے۔

بتیس سالہ پاکستانی لیگ اسپنر اپنے ٹیسٹ کیریئر میں تین مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز کے دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کی تھیں جو ان کے کیریئر کی اب تک کی بہترین بالنگ تھی۔

بھارت کے روی چندرن ایشون نے 37 ٹیسٹ میچوں میں جب کہ پاکستان کے سابق فاسٹ بالر وقار یونس اور آسٹریلیا کے ڈینس للی نے 38 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹوں کا ہدف عبور کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ایک بیان میں یاسر شاہ کو نیا عالمی ریکارڈ بنانے پر مبارک باد دی ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ یاسر شاہ کی کارکردگی پر پورے پاکستان کو فخر ہے اور وہ پی سی بی، کرکٹ شائقین اور پورے پاکستان کا اثاثہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG