نیوزی لینڈ کے دوسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں گذشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن زلزلے کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
پیر کو جن افراد کی تدفین کی گئی اُن میں ایک پانچ ماہ کا بچہ بھی شامل تھا جو شہر میں ستمبر 2010ء میں آنے والے طاقتور زلزلے کے کچھ گھنٹوں بعد پیدا ہوا تھا۔
حکام نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ پیر کو علاقے میں جھکڑ چلنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے مضر صحت کردوغبار اڑے گا اور شکستہ حال عمارتیں منہدم ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ طوفان کی پیش گوئی کے بعد مزید افراد کو حفاظتی اقدام کے طور پر علاقہ چھوڑنا پڑے گا۔
کرائسٹ چرچ میں گذشتہ ہفتے آنے والے 6.3 شدت کے زلزلے سے 148 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے جب کہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ زلزلے سے شہر میں املاک کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔