|
سوئیڈن کی رائل اکیڈمی آف سائنسز نے 2024 کے لیے فزکس کا نوبیل انعام امریکہ اور کینیڈا کے دو سائنس دانوں کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں سائنس دانوں نے مشین لرننگ کی طاقت ور ٹولز کی بنیاد رکھنے کے طریقۂ کار متعارف کرائے۔
جان ہاپ فیلڈ اور جیفری ہنٹن نے مشین لرننگ میں بنیادی بلاکس تشکیل دیے جس کی بنیاد پر آرٹیفیشل انٹیلی جینس میں تحقیق میں مدد ملی۔
پروفیسر جان ہاپ فیلڈ امریکہ کی ریاست نیو جرزی کی پرنسٹن یونیورسٹی جب کہ پروفیسر جیفری ہنٹن کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی سے وابستہ ہیں۔
سوئیڈن کی رائل سوئیڈش اکیڈمی کی نوبیل کمیٹی کی رکن ایلن مونز کا کہنا تھا کہ دونوں محققین نے مصنوعی نیورال نیٹ ورکس کے قیام میں شماریاتی فزکس کے تصورات کا استعمال کیا جو ایسوسی ایٹیو میموریز کے طور پر کام کرتے ہیں اور ان سے بڑے ڈیٹا سیٹس کی تلاش کے ساتھ ان کے استعمال کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
ایلن مونز نے مزید کہا کہ اس طرح کے ڈیٹا سیٹس فزکس کی جدید ریسرچ کے لیے استعمال ہوتے ہیں اور بعد ازاں یہ سب عام زندگی کا حصہ بن جاتے ہیں۔
اس کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چہروں کی شناخت (فیشل ریکگنیشن) اور ایک زبان سے دوسری زبان میں ترجمہ اس کی واضح مثالیں ہیں۔
SEE ALSO: طب کا نوبیل انعام مائیکرو آر این اے دریافت کرنے والے دو امریکی سائنس دانوں کے نامگزشتہ روز رائل سوئیڈش اکیڈمی کی نوبیل کمیٹی نے میڈیسن کے نوبیل پرائز کا اعلان کیا تھا جو کہ دو امریکی محققین کو دیا گیا تھا۔
رواں ہفتے کے دوران بدھ کو کیمسٹری اور جمعرات کو ادب کے نوبیل انعام کا اعلان ہو گا۔
امن کے لیے نوبیل انعام کا اعلان جمعے کو ہو گا اور معاشیات کے لیے 14 اکتوبر کو انعام کا اعلان کیا جائے گا۔
انعام حاصل کرنے والوں کو 10 دسمبر کو الفریڈ نوبیل کی برسی کے موقعے پر منعقد ہونے والی تقریب میں انعام وصول کرنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔
SEE ALSO: اس سال امن کا نوبیل انعام روکا جا سکتا ہے؟نوبیل انعام حاصل کرنے والوں کو تقریباً 10 لاکھ ڈالر کی رقم بھی دی جاتی ہے۔
یہ رقم انعام کا آغاز کرنے والے سوئیڈش موجد الفریڈ نوبیل کے ترکے سے دی جاتی ہے۔
اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔