شمالی کوریا کے شہر پیانگ یانگ میں جمعے کے روز ایک مرکزی چوراہے میں ہزاروں افراد نے جنوبی کوریا کے خلاف، جس نے گذشتہ ہفتے شمالی کوریا کے ناکام میزائل تجربے پر نکتہ چینی کی تھی، ایک مظاہرے میں شرکت کی۔
سرکاری ٹیلی ویژن کی فوٹیج میں فوجیوں اور عام شہریوں کا ایک بڑا ہجوم ہوا میں اپنے مکے لہرا تے اور جنوبی کوریا کے صدر لی میونگ باک کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
فوٹیچ میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ مجمع کے وسط میں جنوبی کوریا کے صدر کی ایک بڑی تصویر کا گلا کاٹا جارہاہے۔
شمالی کوریا یہ دھمکی بھی دے چکاہے کہ اگر جنوبی کوریا کے صدر کی حکومت نے اپنے پچھلے ہفتے کے بیان پر معافی نہ مانگی تو اس کے خلاف مقدس جنگ شروع کردی جائے گی۔
جنوبی کوریا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پیانگ یانگ کو لاکھوں ڈالر ہتھیاروں پر صرف کرنے کی بجائے اپنے افلاس زدہ عوام کو خوراک فراہم کرنے پر خرچ کرنے چاہیں۔
منگل کے روز شمالی کوریا کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے خلائی ادارے کے عہدے داروں کے حوالے سے کہاتھا کہ پیانگ یانگ اپنے ناکام میزائل تجربے پر بین الاقوامی مذمت کے باوجود ایک کے بعد ایک میزائل لانچ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ سائنس دانوں نے گذشتہ ہفتے کے راکٹ تجربے کی ناکامی کے اسباب کا پتا چلا لیا ہے ۔
شمالی کوریا کامیزائل جمعے کے روز فضا میں داغے جانے کے تقریباً ایک منٹ بعد گر گیا تھا۔
تاہم رپورٹ میں نئے تجربے کے وقت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔