رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کے میزائل تجربات


جنوبی کوریا کے اخبار 'چوسن البو' نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ جمعرات کو کیے جانے والے ان تجربات میں زمین سے سمندر میں مار کرنے والے میزائلوں کو جانچا گیا

جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ پڑوسی ملک شمالی کوریا نے مغربی ساحل کے نزدیک کم فاصلے تک مار کرنے والے دو میزائلوں کے تجربات کیے ہیں۔

جنوبی کوریا کے اخبار 'چوسن البو' نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ جمعرات کو کیے جانے والے ان تجربات میں زمین سے سمندر میں مار کرنے والے میزائلوں کو جانچا گیا۔

اخبار نے ایک فوجی عہدیدارکے حوالے سےدعویٰ کیا ہے کہ تجربات کا مقصد میزائلوں کی کارکردگی بہتر بنانا تھا اوران کا کوئی تعلق آئندہ ماہ خلا میں بھیجے جانے والے راکٹ سے نہیں ہے۔

جنوبی کوریا کے ایک اور اخبار'جونگ آنگ البو' نے بھی کم و بیش ایسی ہی رپورٹ شائع کی ہے۔

واضح رہے کہ پیانگ یانگ حکومت نے اپریل کے وسط میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ کے ذریعے ایک موسمیاتی سیارہ خلا میں بھیجنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

شمالی کوریائی حکام کے مطابق مصنوعی سیارے کو ملک کے آنجہانی بانی رہنما کم ال سنگ کی 100 ویں سال گرہ کی مناسبت سے خلا میں بھیجا جار ہاہے۔

پیانگ یانگ کے اس اعلان کے بعد امریکہ، جنوبی کوریا اور کئی مشرقی ایشیائی ممالک اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ شمالی کوریا کا یہ اقدام طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تجربات کی پیش بندی ہے جس کی اقوامِ متحدہ کی جانب سے عائد پابندیوں کے تحت شمالی کوریا کو اجازت نہیں۔

دریں اثنا،جاپان کے وزیرِ دفاع نائوکی ٹناکا نے ملکی افواج کو حکم جاری کیا ہے کہ اگر شمالی کوریا کی جانب سے فائر کیا جانے والا راکٹ جاپان کی فضائی حدود سے گزرے تو اسے مار گرایا جائے۔

جاپانی حکومت نے ایسا ہی ایک حکم شمالی کوریا کی جانب سے 2009ء میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے تجربے کے وقت بھی جاری کیا تھا لیکن اس پر عمل درآمد کی نوبت نہیں آئی تھی۔

XS
SM
MD
LG