نامور پاکستانی امریکی ڈاکٹرعنایت کاٹھیو امریکہ میں انتقال کرگئے

فائل فوٹو

امریکی ریاست پنسلوانيا کے شہر پٹسٹن سے تعلق رکھنے والے نامور ویٹرنری ڈاکٹر عنایت کاٹھیو پانچ روز قبل انتقال کرگئے ہیں۔ ان کی عمر 69 برس تھی۔

مرحوم کے دوست طارق گیلانی نے منگل کی شام 'وائس آف امریکہ' کو بتایا ک ڈاکٹر کاٹھیو چند روز قبل پاکستان سے لوٹے تھے، تب سے ہی ان کی طبیعت ناساز تھی ۔ دل کے عارضے کے علاج کے لیے انہیں گیزنگر کے اسپتال میں داخل کرایا گیا جس کے بعد انہیں فلاڈیلفیا میں 'یونیورسٹی آف پنسلوانیا ' کے اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن افاقہ نہ ہوا اور وہ جمعہ کو انتقال کرگئے۔

ڈاکٹر کاٹھیو 42 سال قبل امریکہ آکر آباد ہوئے تھے۔ انہوں نے جان ہاپکنز سے ویٹرینری کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور کئی دہائیوں تک پٹسٹن کے ویٹرنری اسپتالوں میں پیشہ ورانہ خدمات انجام دیں۔

ان کے خاندان کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر عنایت کاٹھیو نے 1992میں " اوکونیل اسٹریٹ پر 'پٹسٹن اینیمل ہاسپیٹل" قائم کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمی اور بے سہارا جانوروں کا مفت علاج کرنے کی شہرت پائی تھی۔ انہوں نے لگن کے ساتھ ایک ہمدرد اور ماہر کے طور پر اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دیں اورمقامی کمیونٹی میں بڑا نام کمایا۔

اس کے علاوہ انہوں نے پنسلوانیا میں کمیونٹی کے کار خیر کے کئی کاموں میں ایک عرصے تک دل جمعی کے ساتھ حصہ لیا ۔ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے کئی ایک فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کے کام کیا۔

ان کے لواحقین میں بیوہ کمبرلی لیوسی کے علاوہ دو بیٹیاں شامل ہیں۔

ایک عرصے سے وہ فلاڈیلفیا میں پاکستان کے اعزازی قونصل تھے۔

ڈاکٹر کاٹھیو 1953 میں پیدا ہوئے۔ان کا تعلق سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تھا جب کہ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کراچی میں حاصل کی تھی۔

اپنے تعزیتی پیغام میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین ، احباب اور چاہنے والوں کے ساتھ تعزیت کی ہے، اور صبر کی دعا کی ہے۔