امریکہ: خفیہ ادارے کے دفتر کے نزدیک فائرنگ، ایک شخص ہلاک

اس فوجی تنصیب پر دیگر وفاقی ادارے قائم ہیں، جن میں ’ڈفنس انفارمیشن سسٹمز ایجنسی‘ اور ’یو ایس سائبر کمانڈ‘ شامل ہیں۔۔۔۔ ایف بی آئی نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ وہ اسے’دہشت گردی کا واقع‘ خیال نہیں کرتے

ایک موٹر گاڑی جس میں دو افراد سوار تھے پیر کے روز واشنگٹن سے باہر امریکی ’نیشنل سکیورٹی ایجنسی‘ کے دفاتر کے قریب سکیورٹی گیٹس سے گاڑی ٹکرا دی، جس واقع میں ایک شخص ہلاک، جب کہ دوسرا زخمی ہوا۔

نیوز ہیلی کاپٹرز کی ایک وڈیو رپورٹ میں جائے حادثہ پر تباہ شدہ اسپورٹس یوٹلٹی گاڑیوں کو دکھایا گیا ہے، جن میں سے ایک پر این ایس اے پولیس کے نشان نمایاں ہیں۔

ایف بی آئی نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ وہ اسے’دہشت گردی کا واقع‘ خیال نہیں کرتے۔


ایف بی آئی بالٹیمور کے فیلڈ آفس کی خاتون ترجمان کی جانب سے اِی میل کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ، ’شوٹنگ سے متعلق صورت حال زیر کنٹرول ہے، اور ہم نہیں سمجھتے کہ اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق ہے۔۔۔ ہم میری لینڈ میں امریکی اٹارنی کے دفتر سے رابطے میں ہیں، یہ طے کرنے کے لیے آیا وفاقی سطح پر الزامات عائد کیا جانا ضروری ہے‘۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر براک اوباما کو اس واقع پر بریفنگ دی جاچکی ہے۔
’نیشنل سکیورٹی ایجنسی‘ امریکی انٹیلی جنس پروگرام کا ایک کلیدی ادارہ ہے۔ یہ ادارہ فورٹ جارج میئڈ کے امریکی فوجی اڈے پر قائم ہے، جو امریکی ریاست میری لینڈ میں اور واشنگٹن ڈی سی کے شمال مشرق میں تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

اس فوجی تنصیب پر دیگر وفاقی ادارے قائم ہیں، جن میں ’ڈفنس انفارمیشن سسٹمز ایجنسی‘ اور ’یو ایس سائبر کمانڈ‘ شامل ہیں۔