امریکہ کے خفیہ ادارے نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کے سابق ’کنٹریکٹر‘ ایڈورڈ اسنوڈن نے روس میں اپنی سیاسی پناہ میں توسیع کی اپیل کی ہے۔
اسنوڈن ’این ایس اے‘ کے خفیہ نگرانی کے ایک پروگرام کی تفصیلات منظر عام پر لائے تھے جس کے بعد سے وہ امریکہ سے مفرور ہیں اور امریکی حکومت کو مطلوب ہیں۔
ایڈورڈ اسنوڈن نے گزشتہ سال جولائی میں روس میں عارضی سیاسی پناہ حاصل کی تھی جس کی مدت جمعرات کی نصف شب تک ہی تھی۔
روس میں اسنوڈن کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے کہا کہ جب تک اُن کے موکل کی درخواست پر فیصلہ نہیں ہو جاتا وہ تب تک یہاں رہ سکتے ہیں۔
روس کے عہدیداروں نے اسنوڈن کی درخواست سے متعلق کچھ کہنے سے انکار کیا ہے، حتی کہ ایڈروڈ اسنوڈن کی طرف سے درخواست جمع کرانے کی بھی تصدیق سے متعلق بھی کچھ نہیں بتایا۔
امریکہ سے مفرور ہونے کے بعد اسنوڈن مئی 2013ء میں ہانگ کانگ پہنچا تھا جہاں سے وہ ماسکو گیا۔
اسنوڈن کی طرف سے روس میں قیام میں توسیع کی درخواست ایسے وقت دی گئی جب کرائمیا کے روس کے ساتھ الحاق اور یوکرین میں ماسکو نواز باغیوں کے زیر کنٹرول علاقے میں ملائیشیا کے ایک طیارے کی تباہی کے معاملے پر روس اور مغرب کے تعلقات میں تناؤ ہے۔