’این وائی پی ڈی‘ مسلم افسران کے وفد کا دورہٴ وائس آف امریکہ

عدیل رانا کا کہنا تھا کہ نیویارک پولیس میں مسلمان افسران کی معقول تعداد موجود ہے جو مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ امریکی معاشرے کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں

نیویارک پولیس کے مسلم افسران کے ایک نمائندہ وفد نے جمعہ کو وائس آف امریکہ کی اردو سروس کا دورہ کیا اور ادارے کےکاموں کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

’این وائی پی ڈی‘ مسلم افسران کا یہ وفد سارجنٹ عدیل رانا کی قیادت میں واشنگٹن پہنچا تھا۔ وائس آف امریکہ اردو سروس کے چیف فیض رحمٰن نے وفد کا خیرمقدم کیا اور ادارے کے کاموں کے بارے میں آگہی فراہم کی۔

اس موقع پر، ’این وائی پی ڈی‘ مسلم افسران کی ایسوسی ایشن کے صدر، عدیل رانا نے نیویارک شہر میں پولیس کو درپیش چیلنجوں اور متنوع آبادی میں ہم آہنگی کے لئے ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

عدیل رانا کا کہنا تھا کہ نیویارک پولیس میں مسلمان افسران کی معقول تعداد موجود ہے جو مکمل مذہبی آزادی کےساتھ امریکی معاشرے کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انھوں نے کمیونٹی کی کوریج کے لئے وائس آف امریکہ کی اردو سروس کی خدمات کا اعتراف کیا اور بتایا کہ حال ہی میں سانحہٴپشاور آرمی پبلک اسکول کے طلباء کی نیویارک پولیس نے میزبانی کی اور ان کے اعزاز میں مختلف پروگرام ترتیب دئے۔ اس دوران، وائس آف امریکہ نے ان پروگراموں کی نمایاں کوریج کی۔

’این وائی پی ڈی‘ کا یہ وفد کیپٹل ہل میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع میں شرکت کے لئے واشنگٹن پہنچا تھا، جہاں انھوں نے مسلم کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔