ہر محنتی امریکی کو ترقی کا پورا حق ہے: اوباما

فائل

اپنے ہفتہ وار خطاب میں، مسٹر اوباما نے کہا ہے کہ اُنھوں نے پیر کو چار ٹریلین ڈالر مالیت کی جو بجٹ تجاویز کانگریس کو پیش کی ہیں، اُن کا مقصد متوسط طبقے کے معاشی حالات درست کرنا ہے

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ پالیسیاں درست ہوں تو امریکی معیشت کو فروغ حاصل ہوتا رہے گا، جس سے محنت کرنے والے کو آگے بڑھنے کا موقع میسر آئے گا۔

اپنے ہفتہ وار خطاب میں، مسٹر اوباما نے کہا ہے کہ اُنھوں نے پیر کو چار ٹریلین ڈالر مالیت کی جو بجٹ تجاویز کانگریس کو پیش کی ہیں، اُن کا مقصد متوسط طبقے کے معاشی حالات درست کرنا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ اس تجویز کے ذریعے خاندانوں کے لیے یہ ممکن ہوگا کہ بچوں کی دیکھ بھال، صحت عامہ، اعلیٰ تعلیم، ملازمت میں اجرت کے ساتھ چھٹی ملنے کی سہولت، گھر خریدنے میں مدد اور ریٹائرمنٹ پر بچت کی سہولتیں میسر آئیں؛ اور اِن جیسے اقدامات کے ذریعے، ملازمت پیشہ خاندانوں کو ہر سال ہزاروں ڈالر کی مدد مل سکے۔

صدر نے کہا کہ وہ کسی کے ساتھ بھی کام کرنے کے لیے تیار ہیں، چاہے اُن کا تعلق ریپبلیکن پارٹی سے ہو یا ڈیموکریٹ سے، جو مستقل معاشی تبدیلی کے اس دور میں، ملازم پیشہ خاندانوں کو زیادہ سکیورٹی فراہم کر سکتا ہو۔

اپنی تقریر میں، مسٹر اوباما نے امریکی معیشت میں حاصل ہونے والی پیش رفت کی نشاندہی کی۔ اُنھوں نے بتایا کہ 2014ء میں ملک میں روزگار کے 31 لاکھ مواقع پیدا ہوئے، جب کہ صرف گذشتہ ماہ روزگار کے 267000مواقع کا اضافہ ہوا۔

صدر نے جن اخراجاتی تجاویز کا اعلان کیا اُن میں 2016ء کے مالی سال کے دوران امیروں پر زیادہ ٹیکس لگانا شامل ہے، جب کہ ناگزیر اخراجاتی کٹوتیوں پر عمل درآمد ہوگا، اور مالی طور پر پسے ہوئے متوسط طبقے کے حالات کو بہتر بنانے کی کوششیں کی جائیں گی۔

ایسے میں جب متعدد ڈیموکریٹس نے بجٹ تجاویز کی حمایت کی ہے، اخراجاتی منصوبے پر ریپبلیکن قانون سازوں کی طرف سے سخت اعتراضات سامنے آئے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کا کہنا ہے کہ یہ تجاویز بہت مہنگی ہیں۔

ریپبلیکنز نے امیر طبقے کے لیے تجویز کردہ زیادہ ٹیکس کی صدر کی تجویز کو بھی بارہا مسترد کیا ہے۔