امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ سخت محنت اور ہر امریکی کے لیے بہتر مواقع تک رسائی کے تعلق کی بحالی کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔
اپنے ہفتہ وار خطاب میں، صدر نے اُن معاشی نکات کا حوالہ دیا جو اُنھوں نے گذشتہ منگل کو اپنے ’اسٹیٹ آف دی یونین‘ خطاب میں اٹھائے تھے۔
مسٹر اوباما نے کہا ہے کہ معاشی حالات میں کافی قدر بہتری آنے کے بعد، اب وقت آگیا ہے کہ یہ سوچا جائے کہ ملک کا مستقبل کیا ہونا چاہیئے۔
اُنھوں نے سوال کیا کہ، ’کیا ہم ایسی معیشت پسند کریں گے جہاں صرف چند ہی لوگ نمایاں ترقی کر سکیں؟ یا ہمیں ایسی معیشت میسر ہو جس سے آمدن میں اضافہ یقینی ہو اور کوشش کرنے والے ہر شہری کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں؟‘
صدر نے کہا کہ متوسط طبقے کی مدد کے لیے بہت سے اقدام کیے جاسکتے ہیں، جیسا کہ، ’ٹیکس کوڈ‘ کے ’نقائص کو دور کرنا‘، جس کے بارے میں اُنھوں نے کہا کہ یہ مخصوص مفاد اور امیر ترین افراد کو آگے بڑھنے میں مدد دیتے ہیں، جب کہ یہ ذمہ دار اداروں اور متوسط طبقے کے حق میں نہیں۔