صدر اوباما نے کہاہے کہ یہ وقت امریکہ کے تعلیمی معیار کو بلندکرنے اور معیشت کو ترقی دینے کے اقدامات کا ہے۔
ہفتے کے روز اپنے ہفتہ وار خطاب میں مسٹر اوباما نے کہا کہ تعلیمی اصلاحات نہ صرف بچوں کی بہتری کے لیے درست سمت اقدام ہے ، بلکہ اس میں ملک کی بھی بہتری ہےاور یہ ہمارے مستقل کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیچرز کو ملازمتیں فراہم کرنے اور اسکولوں کا معیاربہتر بنانے کا وقت ہے۔
جمعے کے روز صدر اوباما نے اعلان کیاتھا کہ ملک کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے بہت کچھ کرنے کی گنجائش موجود ہے اور اساتذہ کو چاہیے کہ بجائے اس کے کہ وہ بچوں کو امتحان کے لیے تیار کریں، انہیں علم حاصل کرنے کی جانب راغب کریں۔
صدر اوباما نے اپنی ریڈیو اور انٹرنیٹ تقریر میں یہ بھی کہا ہے کہ اس وقت ملازمتوں سے متعلق کانگریس کے سامنے جو بل موجود ہے، اس کے ذریعے اسکولوں کو مزید ٹیچرز مہیا کیے جائیں گے اور 35 ہزار اسکولوں کو جدید بنایا جاسکے گا جس سے یہ یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ ملک کا ہر بچہ معیاری تعلیم حاصل کرسکے گا۔
دوسری جانب ری پبلیکن پارٹی کی جانب سے ہفتہ وار خطاب میں سینیٹر سوزن کولنز نے کہا کہ ان کی جماعت یہ چاہتی ہے کہ حکومت کی جانب سے نافذ کردہ غیر ضروری ضوابط کو ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نئے قوانین کی منظوری سے قبل اس بارے میں تفصیلی جائزہ لیاجاناچاہیے کہ ان کے کاروباروں پر کیا اثرات پڑیں گے۔