امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ ری پبلیکن پارٹی کےارکانِ کانگریس امریکہ کے ترقیاتی کام میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔
اپنے ہفتہ وار خطاب میں مسٹر اوباما نے ری پبلیکن سینیٹروں پرزوردیا کہ وہ قانون سازی کےعمل کونہ روکیں، جِس میں مزدوروں کو بےروزگاری کی صورت میں مراعات فراہم کرنےسےمتعلق بِل بھی شامل ہے۔
صدر کا کہنا تھا کہ اُنھیں یہ دیکھ کر مایوسی ہوئی ہے کہ فیصلہ کُن معاملوں کی منظوری کے سلسلے میں پیش رفت کو روکنے کے لیے مانوس سیاست بازی سے کام لیا جارہا ہے۔
مسٹر اوباما نے اِس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ری پبلیکن پارٹی کے سینیٹرز تیل کمپنیوں پر معاوضے کی حد کو بڑھانے سے متعلق قانون سازی کی منظوری کو روک رہے ہیں۔ اِس ضمن میں اُن کا کہنا تھا کہ امریکی شہری اِس بات کے حقدار ہیں کہ سینیٹ سات کروڑ 50لاکھ ڈالر کے معاوضے کی حد کو ہٹا دے۔
ری پبلیکن پارٹی کے ہفتہ وار خطاب میں مسی سیپی کی جنوبی ریاست سے تعلق رکھنے والے سینیٹر، راجر وِکر نے مسٹر اوباما پر الزام لگایا کہ وہ خلیج میکسیکو کے تیل کے اخراج کے معاملے کو اپنے شخصی ایجنڈے کے فروغ کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
وِکر نے کہا کہ اوباما انتظامیہ کی حمایت سے پیش کردہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کےاخراج کےضابطوں سےمتعلق تجویز، جِسے ‘کیپ اینڈ ٹریڈ سسٹم’ کے نام سے جانا جاتا ہے، پرعمل درآمد سےانرجی کی قیمتیں بڑھ جائیں گی اور امریکی روزگار کے مواقع بیرونِ ملک منتقل ہو جائیں گے۔