صدر اوباما کا اوریگن کے چار روزہ دورے کا آغاز

کانگریس کے ریپبلکنز کا اصرار رہا ہے کہ اسلحے کی خریداری یا اسے اپنے پاس رکھنے کے حوالے سے کسی بھی نئے قانون کی ضرورت نہیں، کیونکہ آئین کی دوسری ترمیم کے تحت امریکیوں کو اسلحہ رکھنے کا حق حاصل ہے

ریاست اوریگن کے شہر روزبرگ میں گزشتہ ہفتے فائرنگ کے واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کے لیے، امریکی صدر براک اوباما مغربی ساحلی شہروں کا چار روزہ دورہ شروع کر رہے ہیں۔

اپنے دورے میں، صدر اوباما ’امپکوا کمیونٹی کالج‘ میں گزشتہ جمعرات کو مسلح شخص کرسٹوفر ہارپر مرسر کے ہاتھوں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے 8 طلباء اور ایک انسٹرکٹر کے خاندان سے ملاقات کریں گے۔

صدر کے دورے کے دوران احتجاج کا امکان ہے۔ صدر اوباما اسلحے پر کنٹرول کے لیے قانون سازی پر زور دیتے رہے ہیں۔ لیکن ان کا یہ مطالبہ ملک کے شمال میں جہاں یہ واقعہ پیش آیا، اسلحہ رکھنے والوں پر گراں گزرتا ہے۔

وائٹ ہاؤس حکام نے دورے کے دوران اسلحے پر کنٹرول سے متعلق صدر کے پیغام کو زیادہ اجاگر نہیں کیا۔

ترجمان، جوش آرنسٹ نے میڈیا کو بتایا کہ اسلحہ رکھنے کے حامیوں کے اس خوف کا کوئی علاج نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ صدر نے اپنے دورے کے مقاصد کو واضح کردیا ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو جو کہ اس خوفناک سانحے کا شکار ہوئے، اُنھیں کچھ وقت دینا چاہتے ہیں۔

صدر اوباما کے دور حکومت میں ہونے والا فائرنگ کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے جس میں وسیع پیمانے پر لوگوں کو قتل کیا گیا۔ صدر مسلسل اور اسلحے سے متعلق سخت قانون سازی پر زور دیتے رہے ہیں۔ لیکن، اس پر عمل نہیں ہوا۔

جمعرات کو ہونے والی ایک اخباری کانفرنس میں سینیٹ کے ڈیموکریٹ قائد نے اسلحے کی خریداری میں موجود ضابطوں کے نقص کو دور کرنے کا مطالبہ کیا جس کے تحت لوگ انٹرنیٹ پر بندوق خرید لیتے ہیں اور پس منظر جانچے بغیر اسلحہ خرید سکتے ہیں۔

بیک گراؤنڈ کی جانچ کے نظام میں بہتری اور گھریلو تشدد کے مرتکب افراد کو اسلحے کے حصول سے باز رکھنے کے لئے متبادل تجویز کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

ڈیموکریٹ یہ بھی چاہتے ہیں کہ کسی اور کے نام پر بندوق کی خریداری کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیئے، اور اسلحے کی نقل و حمل کے قوانین پر بھی سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

کانگریس کے ریپبلکنز کا اصرار رہا ہے کہ اسلحے کی خریداری یا اسے اپنے پاس رکھنے کے حوالے سے کسی بھی نئے قانون کی ضرورت نہیں، کیونکہ آئین کی دوسری ترمیم کے تحت امریکیوں کو اسلحہ رکھنے کا حق حاصل ہے۔

جمعہ کو علی الصبح ایک اور یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص ہلاک ہوا، جب کہ تین زخمی ہوئے۔ سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق، فائرنگ کا یہ واقعہ شمالی اریزونا کے فلیگ اسٹاف یونیورسٹی میں پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص پولیس حراست میں ہے۔