مشرقی یوکرین میں ’آرگنائزیشن فار سیکورٹی اینڈ کوآپریشن اِن یورپ‘ کے معائنہ کاروں کی ٹیم جائے حادثہ کے جائزے کے بعد اس وقت اپنے کیمپ واپس چلے گئی جب باغیوں نے انہیں ایک مرتبہ پھر علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا۔ عالمی معائنہ کار ملائشین طیارے MH17 کے حادثے کی جگہ کا معائنہ کر رہے تھے۔
یورپی حکام جائے حادثہ پر باغیوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بعد دونیکس میں واقع اپنے کیمپ لوٹ گئے۔
ماہرین اور عالمی معائنہ کاروں کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ کا جائزہ لینا اس لیے بھی بہت دشوار ہے کہ اس علاقے میں باغیوں نے جگہ جگہ بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہیں۔
17 جولائی کو مشرقی یوکرین میں ملائشین ائیرلائنز کا طیارہ MH17 مار گرایا گیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 298 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔
ہلاک شدگان کے لواحقین کو بے چینی سے جائے حادثہ کے معائنے کے بعد سامنے آنے والی رپورٹ کا انتظار ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ عالمی معائنہ کاروں کو بلاروک ٹوک جائے حادثہ تک رسائی دی جائے۔